دمشق ۔ 29 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) شامی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اور اس کے اتحادی ممالک کی بمباری شام میں فعال اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کو کمزرو بنانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ایک لبنانی نیوز چینل سے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف گزشتہ دو ماہ سے جاری فضائی حملوں کے باوجود یہ انتہا پسند کمزور نہیں ہوئے ہیں۔ اگرچہ دمشق نے اس مشترکہ دشمن سے نجات کیلئے واشنگٹن سے تعاون کی رضامندی ظاہر کی ہے لیکن امریکی حکام صدر بشار الاسد کے ساتھ تعاون نہیں چاہتے ہیں۔ امریکہ کے مطابق اپنے ہی عوام کے خلاف فوجی کارروائی سے اسد اپنا قانونی حق کھو چکے ہیں اور انہیں اس عہدے سے الگ ہو جانا چاہیے۔