حیدرآباد ۔ /27 مارچ (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی ایک بڑی کارروائی میں ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کو غیر محسوب اثاثہ جات رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اے سی بی مسٹر اشوک کمار کی قیادت میں ایک ٹیم نے ملک پیٹ میں واقع اسسٹنٹ ڈائرکٹر مسٹر میوری وجئے گوپال کے مکان پر دھاوا کیا گیا اور یہاں پر تلاشی کے دوران 1.5 کروڑ غیرمحسوب اثاثہ جات کا انکشاف ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وجئے گوپال جو ضلع عادل آباد میں تعینات ہے کو جولائی 2010 ء میں 4 ہزار روپئے رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج کی کارروائی میں اینٹی کرپشن بیورو نے وجئے گوپال کے قبضے سے تین منزلہ رہائشی اپارٹمنٹ واقع چکڑ پلی ، چارمنزلہ کمرشیل کامپلکس واقع چیتنیا پوری ، تین منزلہ رہائشی بلڈنگ واقع قدیم ملک پیٹ اور دو دوکانات واقع ملک پیٹ اور نلہ کنٹہ کے علاوہ میڑپلی ، شاد نگر میں 18 ایکڑ اراضی ، نلہ کنٹہ اور دلسکھ نگر میں دو مکانات و دیگر جائیدادوں کے دستاویزات ضبط کرلئے ۔ مسٹر اشوک کمار ڈی ایس پی اے سی بی نے بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ضبط شدہ جائیدادوں کی سرکاری قیمت 1.5 کروڑ ہے جبکہ مارکٹ کی قیمت 10 کروڑ بتائی جاتی ہے ۔ وجئے گوپال کو بیورو نے آج گرفتار کرلیا اور اسے خصوصی جج اینٹی کرپشن بیورو کورٹ میں پیش کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔