اسسٹنٹ انجنیئر کے ساتھ کونسلر راملو کی فحش کلامی

ظہیرآباد میں میونسپل اسٹاف کا سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج

ظہیرآباد ۔ /8 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسسٹنٹ انجنیئر میونسپلٹی ظہیرآباد اویناش ریڈی کے ساتھ وارڈ نمبر 11 کے کونسلر راملونیتا کی جانب سے فون پر کی گئی فحش کلامی کے خلاف آج یہاں میونسپلٹی آفس کے احاطہ میں میونسپل اسٹاف نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج منظم کرتے ہوئے مذکورہ کونسلر کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ ایک سرکاری عہدیدار کے ساتھ فحش کلامی سے پیش آنا قابل مذمت و قابل کارروائی اقدام ہے اور یہ کہ مذکورہ کونسلر کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ فحش کلامی سے پیش آئے ۔ احتجاجیوں نے مذکورہ کونسلر کے خلاف قانونی کارروائی ہونے تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ وارڈ نمبر 11 کے کونسلرراملو نیتا نے گزشتہ /5 مئی کو فون کے ذریعہ میونسپل اسسٹنٹ انجنیئر اویناش ریڈی سے انکے وارڈ میں منظورہ ایک سی سی روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں ہورہی تاخیر پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر شائستہ الفاظ استعمال کئے تھے جنہیں اسسٹنٹ انجنیئر نے ریکارڈ کرکے کل 7 مئی کو میونسپل کمشنر کو پیش کرتے ہوئے مذکورہ کونسلر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس ضمن میں میونسپل کمشنر کی جانب سے کوئی فوری کارروائی نہیں کئے جانے پر آج یہاں تمام اسٹاف کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا جس میں ڈپٹی انجنیئر سریدھر ریڈی ، منیجر تیج ریڈی ، ریونیو آفیسر پربھاکر کے بشمول دیگر اسٹاف اپنی شرکت درج کرائی ۔