غزہ سٹی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پٹی پر کل رات 12 فضائی حملے کئے۔ حملوں کا نشانہ فلسطینی عسکریت پسندوں کے زیراستعمال تربیتی میدان تھا۔ دو افراد ہلکے زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے مسلسل فضائی حملوں کی توثیق کردی اور کہا کہ یہ حملے عسکریت پسندوں کی تربیت گاہوں کو نشانہ بناکر کئے گئے تھے۔ شمالی غزہ پٹی میں آج علی الصبح ایک 3 سالہ لڑکی اسرائیل کے راکٹ حملے سے ہلاک اور دیگر 3 افراد زخمی ہوگئے۔ طبی عملے کے بموجب اشرف الخضریٰ نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا راکٹ کا حملہ غلط ہدف پر لگا تھا یا پھر اسرائیلی راکٹ دفاعی نظام میں فلسطینی سرزمین سے داغے ہوئے راکٹ کا راستہ روکا تھا جس کی وجہ سے وہ فلسطینی سرزمین پر دھماکہ سے پھٹ پڑا۔ اسرائیلی فوج کے بموجب غزہ کے عسکریت پسندوں نے کل رات دیر گئے اسرائیل پر 5 راکٹ حملے کئے تھے جن میں سے 2 کو راکٹ سے حملوں کے دفاعی نظام ’’آئرن ڈوم‘‘ کی وجہ سے ناکام ہوگئے جبکہ ایک راکٹ کھلے علاقہ میں گر پڑا اور دو راکٹ غزہ پٹی کی سرزمین پر ہی دھماکوں سے پھٹ پڑے۔