غزہ سٹی ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) غزہ سرحد پر اسرائیل کے حملہ میں دو فلسطینی شہری جاں بحق ہوگئے۔ حماس کی حکومت والی سرحدی حکومت کے وزارت صحت نے یہ اطلاع دی جبکہ اسرائیل کا یہ استدلال ہیکہ فلسطینی شہریوں نے سرحدی فصیل کے قریب بم نصب کئے تھے۔ وزارت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دو فلسطینی شہریوں کی نعشوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جبکہ ان کی شناخت ہنوز عمل میں نہیں آئی۔ اسرائیل نے یہ استدلال بھی پیش کیا ہیکہ سرحدی فصیل پر بم نصب کرنے کی اطلاع ملتے ہی ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ پیر کی رات کو ایک علحدہ واقعہ میں شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی جانب سے شروع کئے گئے تازہ احتجاج کے دوران 26 فلسیطنیوں کو گولی کا نشانہ بنایا گیا تاہم ان کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یاد رہیکہ 30 مارچ سے جاری فلسطینیوں کے احتجاج میں اسرائیلی فائرنگ سے کم و بیش 181 فلسطینی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔