اسرائیل کے جنگی جرائم ، عرب لیگ کی مذمت

قاہرہ ۔ /20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ نے آج غزہ کے شجاعیہ ضلع پر اسرائیل کی بمباری کی سخت مذمت کی اور یہودی مملکت پر جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری اسے روکنے کا مطالبہ کیا ۔ شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجہ میں60 سے زائد فلسطینی آج جاں بحق ہوگئے جبکہ ہزاروں افراد خوف کے عالم میں تخلیہ کررہے ہیں ۔ عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے ایک بیان میں کہا کہ شجاعیہ میں آج جو کچھ ہوا وہ فلسطینی شہریوں کے خلاف جنگی جرائم ہے اور یہ ایک انتہائی تباہ کن صورتحال کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے قصور فلسطینی شہریوں کی ہلاکت ایک جرم ہے اور اس کیلئے اسرائیل مکمل ذمہ دار ہے۔

بان کی مون کی آج قاہرہ آمد
٭٭ اقوام متحدہ سربراہ بان کی مون کل قاہرہ پہونچ رہے ہیں جہاں وہ صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کرتے ہوئے غزہ میں جاری خطرناک لڑائی کو ختم کرنے کیلئے مصر کی تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزارت خارجہ مصر کے ترجمان نے کہا کہ بان کی مون اور السیسی کے علاوہ دیگر سینئر عہدیداروں کی بات چیت میں غزہ کی ابتر صورتحال اور جنگ بندی کیلئے مصر کی پیشرفت پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔