اسرائیل کو فلسطینی بندوق بردار کی تلاش

عمان کی فضائی حدود کھولے جانے کی توقع ، عالمی مالی کمیٹی میں شمولیت
یروشلم ۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی فوج نے آج فلسطینی بندوق بردار کی تلاش شروع کردی جس نے مغربی کنارہ کی نوآبادی کے قریب کئی اسرائیلیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی تھی جبکہ ڈاکٹروں نے کہا کہ زخمیوں میں سے ایک کو قبل از وقت زچگی کے ذریعہ لڑکی تولود ہوئی۔ ایک بس اسٹاپ پر اندھادھند فائرنگ سے 7 افراد مقبوضہ مغربی کنارہ کی اسرائیلی نوآبادی میں زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک 30 ہفتہ کی حاملہ خاتون کو نازک حالت میں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں 21 سالہ ماں کو مبینہ طور پر بیٹی پیدا ہوئی۔ ماں کی حالت مستحکم ہے لیکن لڑکی کی حالت ابتر ہوتی جارہی ہے۔ اسرائیلی فوج، سرحدی پولیس اور صیانتی فوج نے دیہاتوں میں بھی حملہ آور کی تلاش جاری رکھی ہے۔ وزیراعظم اسرائیل نتن یاہو نے آج اعلان کیا کہ انہیں توقع ہیکہ عمان اپنی فضائی حدود اسرائیل کی قومی ایرلائن کیلئے کھول دے گا۔ یہ اقدام ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کوئی عملی اثر مرتب نہیں کرے گا تاہم یہ اسرائیل اور خلیجی عرب ممالک کے درمیان گرمجوش تعلقات کا ایک اور اشارہ ہے۔ بنجامن نتن یاہو اسرائیلی سفیروں کے ایک گروپ سے خطاب کررہے تھے جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں امید ہیکہ سلطان قابوس بن سعید نے ایل آل کو اپنی فضائی حدود سے گذرنے کی اجازت دی ہے۔ اسرائیلی قائد نے اکٹوبر میں اس عرب ملک کا اچانک دورہ کیا تھا۔ قبل ازیں اسرائیل نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسے عالمی سطح پر غیرقانونی رقمی لین دین اور دہشت گردی کو مالیہ فراہم کرنے والوں کے واچ ڈاگ گروپ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ دی فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس دراصل 35 ممالک پر مشتمل ایک بین حکومتی گروپ ہے جو پیرس سے اپنی سرگرمیاں انجام دیتا ہے جس کا سب سے اہم کام یہ ہیکہ وہ دہشت گردی کو مالیہ فراہم کرنے اور غیرقانونی رقمی لین دین کا معیار مقرر کرتا ہے۔