غزہ سٹی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حماس نے آج اپیل کی ہیکہ اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے جبکہ اقوام متحدہ کی تحقیقات کے بعد کہا گیا ہیکہ اس کے سپاہیوں نے ہوسکتا ہے غزہ میں بدامنی پر اپنے ردعمل میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ اسلامی تحریک جو غزہ پٹی پر حکمران ہیں، اس کے سینئر عہدیدار باصم نعیم نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یو این رپورٹ سے کسی شک و شبہ سے بالاتر ظاہر ہوجاتا ہیکہ اسرائیلی قابضین نے فلسطینیوں کے خلاف واضح جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، جو واپسی کے اپنے حق اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج کیلئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ نعیم نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ اسرائیلی قابضین کو جنگی جرائم کیلئے جوابدہ بنایا جائے جو وہ فلسطینیوں کے خلاف مسلسل کرتا آرہا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس جو مقبوضہ مغربی کنارہ میں ہے، انہوں نے بھی اقوام متحدہ کی تحقیقات کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے۔ انسانی حقوق کے گروپوں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی مزید کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ اس رپورٹ کے بعد اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے۔