اسرائیل کا ایران میں تخریبی کارروائیوں کا اعتراف

دبئی، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے چیف آف آرمی اسٹاف نے مبینہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ ان کے خفیہ ادارے ایران میں تخریبی کارروائیوں اور ایٹمی سائنسدانوں کے قتل میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ اسرائیل کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا یہ اولین اعتراف ہے۔ ماضی میں ایران کی جانب سے مختلف تخریبی کارروائیوں اور ایٹمی سائنسدانوں کے قتل کے الزامات اسرائیل پر عائد کئے جاتے رہے ہیں مگرصہیونی مملکت نے انہیں کبھی درست تسلیم نہیں کیا ہے اور نہ ہی خود سے کسی کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل بینی گانٹز نے طلباء کے ساتھ گفتگو میں کھل کر کہا ہے اسرائیلی خفیہ ادارے ایران کے ایمٹی پروگرام کو ناکام بنانے کیلئے تہران کے خلاف تخریبی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ ان کارروائیوں میں ایٹمی سائنسدانوں کی قاتلانہ حملوں میں ہلاکت، بم دھماکے اور سائبرحملے شامل ہیں۔ جنرل بینی نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے خفیہ ادارے ایران کے علاوہ کئی دوسرے دشمن ممالک کے خلاف بھی سرگرم عمل ہیں۔