اسرائیل کا القسام بریگیڈ پرفضائی حملہ بری فوج غزہ میں داخل

غزہ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ پٹی کے جنوب شہر خان یونس میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک کمپائونڈ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب قابض صہیونی افواج نے خان یونس کے قریب سے غزہ کے اندر کئی سو میٹر تک دراندازی کی اور فلسطینی آبادی پر مشین گنوں سے فائرنگ کی گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک تربیتی مرکز پرایف 16 جنگی طیاروں سے میزائل داغے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے انہوں نے دو میزائلوں کے دھماکے کی زور دار آوازیں سنی ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک مکان تباہ ہوگیا اور اس کے آس پاس کے متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے غزہ پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک مرکز پر راکٹ حملوں کے رد عمل میں فضائی حملے کئے ہیں۔