اسرائیل نے یورپی پارلیمانی وفد کو غزہ جانے سے روک دیا

غزہ۔ 29 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیلی حکام نے یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے ارکان اور انسانی حقوق کے مندوبین کو جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں جانے سے روک دیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی پارلیمانی کونسل کے زیرانتظام مشرق وسطیٰ وعالم عرب کمیٹی کے ارکان جمعرات کی شام اردن کے راستے مقبوضہ مغربی کنارے پہنچے تھے جہاں انہوں نے رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کی قیادت سے بھی ملاقات کی۔ یورپی وفد وہاں سے جمعہ کوغزہ پٹی کیلئے روانہ ہوا لیکن اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے انہیں غزہ میں داخل ہونے سے روک دیا۔
جس کے بعد وفد کو رام اللہ واپس جانا پڑا۔ادھر رام اللہ میں فلسطینی مجلس قانون ساز کی جانب سے بھی یورپی وفد کے استقبال کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔ یورپی پارلیمانی وفد نے فلسطینی ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔