یروشلم ، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فوجی اور سویلین شعبے میں بروئے کار آئی ٹی سسٹمز کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک ادارہ قائم کر لیا ہے۔ یہ اقدام مبینہ طور پر اسرائیل کے حریف ملک ایران کی جانب سے گاہے بگاہے حالیہ سائبر حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔ نیتن یاہو کے بقول غزہ پر جنگ کے پچاس دنوں میں اسرائیلی فوج اور سول کے شعبوں میں بروئے کار کمپیوٹرسسٹمز غیر معمولی طور پر حملوں کی زد میں رہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر مسلط کردہ پچاس روزہ جنگ جو 8 جولائی کو شروع ہوئی تھی، اسرائیلی بمباری مجموعی طور پر 2100 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کا باعث بنی تھی۔