اسرائیل میں پہلی مرتبہ فلسطینی کی اعلیٰ عہدہ پر تعیناتی

تل ابیب ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک فلسطینی شہری کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اعلیٰ عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ صہیونی ریاست کی تاریخ میں ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔طارق ابو حامد پیشے کے اعتبار سے کیمیکل انجینئر ہیں اور ان کا تعلق مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی صور باھر کالونی سے ہے۔ اسرائیلی خبر رساں ایجنسی "جے ٹی اے” کے مطابق ابو حامد کو وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور خلائی تحقیقات کے شعبے کا ڈپٹی ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔عبرانی اخبار "ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق طارق ابوحامد کے پاس اسرائیل کا جو شناختی کارڈ ہے اس کے تحت وہ صرف اسرائیل کے کسی علاقے میں رہائش اختیار کرسکتا ہے۔ اس کی دستاویزات اعلیٰ عہدے پر تعیناتی کے لیے کافی نہیں ہیں۔ 42 سالہ ڈاکٹر ابوحامد نے ترکی میں قائم انقرہ یونیورسٹی سے کیمیکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ دوران تعلیم انہوں نے کیمیائی فضلے کے بائیولوجیکل تجزیے پر بھی تحقیقات کیں۔