اسرائیل القدس میں یہودآبادکاری کو محدود نہیں کریگا:وزیرخارجہ

یروشلم ، 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے انتہا پسند وزیرخارجہ ایویگڈور لائبرمین نے کہا ہے کہ یروشلم میں یہودی آبادکاروں کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کو محدود نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے جرمن وزیرخارجہ فرینک والٹر اسٹینمئیر کے ساتھ نیوزکانفرنس میں کہا کہ ’’ایک بات واضح ہونی چاہیے،ہم یروشلم کے یہودی آبادی والے علاقوں میں تعمیرات کو آبادکاری کی سرگرمی قرار دینے سے متعلق تعریف کو تسلیم نہیں کریں گے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا ، ’’ہم مشرقی یروشلم کے ان علاقوں میں تعمیرات پر کسی تحدید کو قبول نہیں کریں گے‘‘۔ ان کے اس بیان سے چار روز قبل ہی اسرائیل نے مشرقی یروشلم میں واقع یہودی بستی راموت میں دوسو نئَے مکانوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ اسرائیل کے اس اعلان پر امریکہ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سرزمین فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہی ہوگا اور اس سے کشیدہ صورت حال کے خاتمے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ اسرائیل نے غرب اردن اور یروشلم پر 1967ء کی جنگ میں قبضہ کر لیا تھا اوربعد میں اس کو صیہونی مملکت میں ضم کر لیا تھا۔ اسرائیل عالمی برادری کی مخالفت کے باوجود فلسطینیوں کی سرزمین ہتھیانے اور اس کو صیہونی مملکت میں ضم کرنے کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ اس کے تحت اس نے نئی نئی تعمیرات اور یہودی آبادکاروں کو بسانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔