اسرائیل اقوام متحدہ کی امن فوج کیلئے سرحد کھولنے پر رضامند

اقوام متحدہ/تل ابیب،یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے شام میں گولان کی پہاڑی میں اقوام متحدہ کی امن فوج کیلئے 4 سال بعد سرحد کھولنے پر رضامندی ظاہر کردی۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع ایوگدور لیبرمین نے اسرائیل اور شام کے درمیان کوئینیترا کراسنگ پر الفا گیٹ کو کھولنے کی اجازت دی۔اقوام متحدہ کی امن افواج نے اس علاقے میں اگست میں اپنی نگرانی کا آغاز کر دیا تھا۔اس سے قبل 2014 میں القاعدہ سے جڑی تنظیم نے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد اس گزرگاہ کو بند کردیا گیا تھا۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی افواج کی واپسی روس کی حمایت یافتہ شامی حکومت کی جانب سے اس علاقے پر دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کے بعد ممکن ہوئی ہے ۔کوائینیترا کراسنگ اقوام متحدہ کی امن افواج کی آپریشنل کراسنگ کہلاتی ہے ۔