غزہ۔ 23 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی پولیس کے مطابق ایک سکیورٹی گارڈ نے اُس تیرہ سالہ فلسطینی لڑکی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جو اُس پر چاقو سے حملہ کرنے والی تھی۔ اُس نے حملہ کرنے کی کوشش ویسٹ بینک میں تعمیر ایک یہودی بستی کے بیرونی دروازے پر کی۔ اسرائیلی پولیس کی ترجمان لُوبا سمری کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ تیرہ سالہ لڑکی اپنے خاندان کے افراد سے جھگڑا کرنے کے بعد چاقو لے کر حملے کیلئے گئی تھی۔
بشارالاسد کے لڑکے
روسی اور چینی زبانیں سیکھ رہے ہیں
دمشق ۔ 23 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں صدربشارالاسد کے خاندانی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صدر اسد کی خصوصی ہدایت پران کے بیٹے حافظ اسد نے کسی دوسرے غیرملکی زبان پر روسی زبان کو ترجیح دیتے ہوئے روسی زبان سیکھنا شروع کردی ہے۔ ایک دوسری خبر میں بتایا گیا ہے کہ صدر اسد کے ایک دوسرے بیٹے نے چینی زبان سیکھنا شروع کردی ہے۔’العربیہ ‘کے مطابق 14 سالہ حافظ نے باقاعدہ روسی زبان سیکھنے کی کلاسیں لینا شروع کردی ہیں۔حال ہی میں اردن میں شام کے سابق سفیر حیدرہ بھجت سلیمان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ’ ’فیس بک‘‘ کے اپنے صفحے پر ایک بیان پوسٹ کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر اسد کے ایک دوسرے بیٹے کریم اسد نے چینی زبان سیکھنا شروع کی ہے۔
تاہم چینی زبان سیکھنے کی وجہ نہیں بتائی گئی آیا گیارہ سالہ لڑکے کی اپنی دلچسپی ہے یا اس نے اپنے والد بزرگوار کے کہنے پر زبان سیکھنا شروع کی ہے۔