یروشلم ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے کہا ہیکہ اس کے سپاہیوں نے آج ان دو فلسطینیوں کو ہلاک کردیا، جنہوں نے مغربی کنارہ میں یہودی بستی میں گھس کر ایک یہود آبادکار کو زخمی کردیا تھا۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’دو حملہ آوروں نے جنوبی نابلس میں یہودی بستی ایلی میں دراندازی کی تھی اور ایک شخص کو اس کے باہر زخمی کردیا تھا۔ فوج نے مزید کہا کہ ’’فوج پہنچی … (اور) حملہ آوروں پر گولی چلائی جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگئے‘‘۔ فوج کی آج سے قبل دراندازوں کو روکنے کی کوشش میں ایک اسرائیلی آبادکار زخمی ہوگیا۔ فلسطینی علاقوں اور اسرائیل میں گذشتہ سال اکٹوبر سے تشدد کی لہر میں تاحال 180 فلسطینی اور 28 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں اسرائیلی اور فلسطینی شہریوں کے علاوہ چند امریکی ، سوڈانی ، ایریتھیریائی اور دیگر ممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر فلسطینیوں میں برہمی پائی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں تشدد کے واقعات پیش آیا کرتے ہیں۔