مغربی کنارہ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں برقین کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے گھروں کی تلاشی اور کریک ڈائون کے دوران ایک اکیس سالہ فلسطینی کو گولیاں مارکر شہید کردیا۔ دوسری جانب صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف فلسطینیوں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چہارشنبہ کو علی الصباح صہیونی فوجیوں کی بڑی تعداد نے جنین میں برقین قصبے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے مکانات میں گھس کرتلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ تلاشی کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا اور ایک فلسطینی محمد احمد علاونہ کو بلا وجہ گولیاں مار کرشدید زخمی کردیا۔ شدید زخمی علاونہ کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بہت زیادہ خون بہ جانے کی وجہ سے ڈاکٹر اس کی جان بچانے میں ناکام رہے اور وہ کچھ ہی دیربعد جام شہادت نوش کرگیا۔علاوہ کے زخمی ہونے کے بعد جنین کی مساجد سے خون کے عطیات کے لیے اعلانات بھی کیے گئے۔ بڑی تعداد میں لوگ خون کا عطیہ دینے اسپتال پہنچے تاہم علاوہ کی زندگی نہ بچائی جاسکی۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کلاشنکوف سے ماری گئی ایک گولی علاونہ کے سینے میں پیوست ہونے کے بعد کمر سے نکل گئی تھی اور اس کا بچنا ممکن نہیں تھا۔