اسرائیلی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی جاں بحق جملہ تعداد 49 ہوگئی

غزہ سٹی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ سرحد پر احتجاج اور جھڑپ کے دوران ایک 19 سالہ فلسطینی شہری کو گذشتہ ہفتہ ایک اسرائیلی فوج نے گولی مار کر زخمی کردیا تھا، وہ آج ہاسپٹل میں علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ فلسطینی انکلیو کی وزارت صحت نے آج یہ اطلاع دی۔ جاں بحق ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت انس ابوعصر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس طرح 30 مارچ سے غزہ سرحد پر فلسطینیوں کے احتجاج کے آغاز سے اب تک جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 49 ہوگئی ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان شرف القدریٰ نے بتایا کہ انس27 اپریل کو غزہ سٹی کے مشرقی علاقہ میں گولی ماری گئی تھی جبکہ حیرت انگیز طر پر کسی بھی اسرائیلی شہری یا فوجی کو خراش تک نہیں آئی۔ احتجاج چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے اندھادھند فائرنگ کئے جانے پر دنیا بھر سے ان پر تنقیدیں کی جارہی ہیں اور فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔