اسرائیلی درندگی کو روکنے کا مطالبہ

نارائن پیٹ ۔30جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فلسطین کے خلاف اسرائیلی بربریت سے برہم مسلمانان نارائن پیٹ نے اسرائیلی پرچم کو پیروں تلے روندتے ہوئے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں اسرائیلی پرچم کو نذرآتش کیا گیا ۔ عیدالفطر کے موقع پر ایس آئی او نارائن پیٹ کی جانب سے اسرائیلی درندگی کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو متوجہ کرنے کی غرض سے عیدگاہ کے راستے میں دستخطی مہم کیمپ لگایا اور عیدگاہ کے راستے میں اسرائیلی پرچم بچھایا گیا ۔ دستخطی کیمپ میں ہزاروں مسلمانوں نے اپنے دستخط کئے ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی ‘ ریاستی بی جے پی قائد مسٹر ناگوراؤناموجی ‘ تلگودیشم قائد ڈاکٹر کے نرسمہا ریڈی ‘ ٹی آر ایس قائد مسٹر صراف ناگراج‘ وائسچیرمین مسٹر نندوناموجی نے بھی اسرائیلی پرچم کو اپنے پیروں تلے روندتے ہوئے غزہ ( فلسطین) پر بمباری کو رکوانے کا عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ۔ قومی اورریاستی سطح پر بی جے پی ‘ اسرائیلی زیادتیوں کے خلاف خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ نارائن پیٹ میں بی جے پی قائدین نے مسلمانوں کے ساتھ آواز بلندکرتے ہوئے اسرائیلی درندگی کی مخالفت کی اور ایس آئی او کی دستخطی مہم میں اپنے دستخط کر کے فلسطینیوں سے پوری ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ایس آ:ی او کے ریاستی قائد جناب ارشد فیصل ‘ سابق صدر ایس آئی او ظہیر صوفی ‘ مقامی صدر انور پاشاہ ‘ ممبران ایس آئی او محمد آصف ‘ امیر مقامی احمد خان ‘ ناظم ضلع محبوب نگر جماعت اسلامی ‘ جناب مجاہد صدیقی و دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر ایس آئی او کی جانب سے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے پر مشتمل پمفلٹ جس میں اسرائیلی اشیاء و مصنوعات کے نام بھی درج تھے تقسیم کئے گئے ۔