راملہ ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک اسرائیلی عہدیدار کے مطابق اسرائیل کی مختلف جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال 15 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ البتہ بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے قیدیوں کی تعداد 1300 سے گھٹ کر 870 ہوگئی ہے ۔ یاد رہے کہ اس بھوک ہڑتال کو اپنی نوعیت کا بہت بڑا احتجاج تصور کیا جارہا ہے ۔ جہاں قیدی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کیے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ان قیدیوں کی بھوک ہڑتال سے عالم عرب نے اظہار یگانگت کیا ہے ۔ جہاں مغربی کنارہ میں ایک احتجاجی مارچ کے انعقاد کے علاوہ سوشیل میڈیا پر بھی بھوک ہرتال سے اظہار یگانگت کیا جارہا ہے ۔ عالم عرب میں تو لوگوں نے نمکین پانی پی کر اپنی نوعیت کا انوکھا اظہار یگانگت کیا ۔ اس ہرتال کے ذریعہ مقید منتظم مروان برغوثی کو ایکبار پھر شہرت حاصل ہوگئی ہے اور اب یہ تصور کیا جانے لگا ہے کہ ان کے پاس بھی بہترین قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں ۔ دوسری طرف اسرائیل کی جیل کے ترجمان اساف لبراتی نے یہ نہیں بتایا کہ 400 فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال سے کیوں دستبردار ہوئے ۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف قیدیوں کو مختلف ونگس میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی نگرانی کررہی ہے ۔