اسرائیلی بحریہ نے غزہ کی امدادی کشتی کے12 افرادکوگرفتارکیا

غزہ پٹی ۔ 5اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سوئیڈن کی کشتی اہلِ غزہ کے لیے امداد لے کر محصور پٹی کی طرف رواں دواں تھی کہ اسرائیلی بحریہ نے اسے روک لیا۔ یہ کشتی اس اتحاد میں شامل تھی جس میں 4 امدادی بحری جہاز ڈنمارک سے مئی میں غزہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔غیرملکی امدادی جہازوں کا یہ اتحاد غزہ کے بے آسرا عوام کو ضروریات زندگی اور ادویات پہنچانے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ 12 سال سے زائد عرصے سے محصورینِ غزہ کی مفلوج زندگی کو بحال کرنے میں مدد کی جاسکے۔اسرائیلی فوج نے امدادی کشتی کو روکنے کے بعد اشہدود بندرگاہ منتقل کردیا اور امدادی سامان ضبط کرتے ہوئے میڈیکل ٹیم اور عملے کے 12 افرادکو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان سے تفتیش کی جارہی ہے۔