کولمبو۔20جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی اسد شفیق اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کیلئے سنچری پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کے 96/5 سے 235/6 تک پہنچاتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا بلکہ پہلی اننگز میں 417رنز کا اسکور بھی بنایا جس کی بدولت پاکستان کو سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 117رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔ کھیل کے چوتھے دن اختتام تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 63رنز اسکور کرلئے ہیں اور پاکستان کو ہنوز 54رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ پاکستانی بولروں نے کمار سنگاکارا (18) اور پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے سلوا (5)کو پویلین کی راہ دکھادی ہے ۔پاکستان نے آج 118/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور دن کے ابتدائی سیشنس میں خصوصاً سرفراز احمد نے جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے 86گیندوں میں 13چوکوں کی مدد سے 96رنز اسکور کئے ۔ سرفراز نے میزبان اسپنرس اور فاسٹ بولروں کے خلاف وکٹ پر ٹھہرنے کی ایک مثبت حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تیزی کے ساتھ رنز اسکور کئے ۔ دریں اثناء شفیق نے 253گیندوں میں 5چوکوں کی مدد سے 131رنز بنائے جب کہ لوور آرڈر میں ذولفقار بابر نے 60گیندوں میں 6چوکوں اور 2چھکوں پر مشتمل اننگز میں 56رنز اسکور کئے ۔ سری لنکا کیلئے پریرا نے 4 اور پرساد نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔