اسد شفیق نے عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا

دبئی ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں اسد شفیق نے 118 ویں اوور میں دو چوکے لگاکر پاکستان کے وزیر اعظم اور سابق کرکٹر عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔عمران خان 88 ٹسٹ میچوں کی 126 اننگز میں 3807 رن بناکر 13ویں نمبرپر تھے ، جبکہ اسد شفیق نے 62 میچوں کی 103 اننگز میں 3811 رنز بنا کر عمران خان سے 13 واں نمبر چھین لیا ہے۔میچ سے قبل انہیں عمران خان سے آگے نکلنے کیلئے صرف 40 رنز کی ضرورت تھی ، دوسرے دن اسد شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 80 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کے بعد اسد شفیق کا اگلا نشانہ اب پاکستان کے دوسرے سینئر کھلاڑی حنیف محمد ہیں جنہوں نے 55 میچوں کی 97 اننگز میں 3915 رن بنائے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں یونس خان 10099 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔ اس کے بعد 8832 رنز کے ساتھ جاوید میانداد دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ 8829 رن بناکر انضمام الحق تیسرے نمبر پر ہیں ، چوتھے نمبر پر محمد یوسف ہیں جنہوں نے 7530 رنز بنائے تھے اور پانچویں نمبر پر سلیم ملک5768 رنزکے ساتھ ہیں۔