اسد اویسی، بی جے پی کے پٹھو بی ایس پی لیڈر یعقوب قریشی کا الزام

میرٹھ۔/28اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی لیڈر یعقوب قریشی نے صدر ایم آئی ایم اسد اویسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مہاراشٹرا میں شیو سینا ۔ بی جے پی اتحاد کی تائید کرنے پر انہیں بی جے پی کا پٹھو ( حواری ) قرار دیا ہے۔ وہ آج میرٹھ میں مرکز کے تحویل اراضی بل کے خلاف بی ایس پی کارکنوں کے ایک روزہ دھرنا سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تعمیر بی جے پی اور آر ایس ایس نے نہیں کی بلکہ مسلمانوں نے کی ہے۔ مسٹر یعقوب قریشی نے کہا کہ اگر بی جے پی ملک میںرام راج لانا چاہتی ہے تو اسے رام کی طرح حکمرانی کرنا ہوگا اور اسد اویسی بی جے پی کے پٹھو کے سواء کچھ بھی نہیں ہے جنہوں نے مہاراشٹرا میں ان کے ایجنٹ کی طرح کام کیا اور وہاں بی جے پی۔ شیوسینا اتحاد کی پس پردہ تائید کی لیکن اتر پردیش میں مجلس کا کوئی وجود ہے اور نہ ہی ان کی کوئی تائید کرتا ہے۔ بی ایس پی لیڈر نے بی جے پی کو خبردار کیا کہ اگر وہ شیوسینا کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کے حق رائے دہی کو چھین لینے کی کوشش کرے گی تو اقتدار سے محروم ہوجائے گی جبکہ یادو برادری کو ریزرویشن کے فوائد حاصل ہورہے ہیں اور مسلمانوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ اس کے برخلاف پولیس میں 90فیصد یادو طبقہ کا تقرر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں رام راج قائم کرنا چاہتے ہیں تو مرکزی حکومت کو رام جیسی حکمرانی کرنی ہوگی۔