استنبول(ترکی )

یہ ترکی کا سب سے بڑا شہر اور اہم سیاحتی مرکز ہے ۔ شہر کی آبادی ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد ہے جو پورے ملک کی آبادی کا تقریباً 18 فیصد ہے ۔ اس شہر کو یہ منفرد خصوصیت حاصل ہے کہ یہاں ایشیا اور یوروپ باہم ملتے ہیں ۔ اس شہر کا کچھ حصہ ایشیا اور باقی ماندہ یوروپ میں واقع ہے ۔ ان دونوں حصوں کو پل کے ذریعہ ملایا گیا ہے ۔ استنبول کو ترکی کا تجارتی دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ شہر صنعت وتجارت کا مرکز ہے ۔

اس کی معیشت میں سیاحت بہت اہم حیثیت رکھتی ہے ۔ ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ سال 69 لاکھ سیاح بیرون ملک سے استنبول آئے تھے ۔اس شہر میں ہوٹل بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ دو بین الاقوامی ہوائی اڈے بھی ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال دو کروڑ سے زائد بین الاقوامی سیاح ترکی آتے ہیں ۔ جن میں سے بیشتر استنبول اور انطالیہ کے فضائی یا سمندری راستے سے ملک میں داخل ہوتے ہیں ۔ استنبول میں جن مقامات کو سیاحتوں کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے ان میں مشہور زمانہ نیلی مسجد حاجیہ صوفیہ میوزیم توپ کاپی عجائب گھر ، ملٹری اکیڈیمی دولما باغ پیالس اور اتاترک کا مقبرہ وغیرہ شامل ہیں ۔