استعفیٰ خارج از بحث ، شیوسینا این ڈی اے میں برقرار : گیتے

نئی دہلی۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ میں شیوسینا کے واحد رکن اننت گیتے نے آج کہا کہ وہ وزیر بھاری صنعتیں کے عہدہ سے استعفیٰ نہیں دیں گے، کیونکہ ان کی پارٹی نے مہاراشٹرا انتخابات میں بی جے پی سے ترک تعلق کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا وہ مستعفی ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہرگز نہیں۔ مرکز میں شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد برقرار رہے گا۔ بی جے پی قبل ازیں اپنی قدیم ترین حلیف شیوسینا سے ترک تعلق کرچکی ہے۔گیتے نے کہا کہ وہ صدر پارٹی ادھو ٹھاکرے سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم این ڈی اے کا ایک حصہ ہیں، حکومت این ڈی اے کی ہے اور شیوسینا نے 42 ارکان پارلیمنٹ مہاراشٹرا سے روانہ کئے ہیں۔