استخارہ کا وقت

سوال :  اکثر لوگ کسی اہم کام کے آغاز سے قبل مثلاً شادی بیاہ طئے کرتے وقت استخارہ کرتے ہیں۔ کیا آدھی رات کے بعد دو رکعت نماز پڑھ کر دعاء استخارہ کر کے  سونا چاہئے یا اس نماز کا صحیح وقت کیا ہے ؟ نیز خواب میں کس قسم کا اشارہ ہوتا ہے ۔ اگر شادی طئے کرنا ہو تو کس طرح اشارہ ہوتا ہے اور رشتہ طئے نہ کرنا ہو تو کس طرح سے اشارہ ہوتا ہے۔ برائے مہربانی اس سلسلہ میں وضاحت فرمائیں تو مہربانی ہوگی۔
عبدالکریم خان، بازار گھاٹ
جواب :  جب کوئی اہم معاملہ درپیش ہو اور اس کے کرنے یا نہ کرنے میں تردد و شک ہو تو وضو کر کے دو رکعت نماز پڑھنا مستحب ہے ۔ بخاری شریف میں حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہم کو تمام معاملات میں استخارہ کرنا سکھاتے تھے جس طرح آپ ہم کو قرآن کی سورتیں سکھایا کرتے تھے ۔
ترمذی شریف کی روایت ہے : من سعادۃ ابن آدم استخارتہ اللہ ومن سعادۃ ابن آدم رضاہ بما قضاہ اللہ ومن شقوہ ابن آدم ترکہ استخارۃ اللہ ومن شقوۃ ابن آدم سخطہ بما قضاہ اللہ ۔
ترجمہ : استخارہ کرنا انسان کی سعادتمندی ہے اور اللہ کے فیصلہ پر راضی ہونا بھی انسان کی سعادتمندی میں ہے اور استخارہ ترک کرنا انسان کی بدبختی ہے اور اس کے فیصلہ سے ناراض ہونا بھی بدبختی ہے ۔ یہ بھی منقول ہے : لاخاب من استخار ولا ندم من استشار: جس نے استخارہ کیا وہ نامراد نہیں ہوا اور جس نے مشورہ کیا وہ شرمندہ نہ ہوا۔
استخارہ کیلئے کوئی وقت مقرر نہیں ہے ۔ البتہ سونے سے قبل استخارہ کی نماز پڑھنا بہتر ہے ۔ استخارہ کی برکت سے انشراح صدر ہوتا ہے۔ دل کسی ایک طرف مائل ہوجاتا ہے اور کسی معاملہ میں قلبی میلان نہ ہے تو سات دن تک استخارہ کرنا بہتر ہے۔ بعض بزرگوں سے منقول ہے کہ خواب میں سفید یا سبز رنگ نظر آئے تو کرنے کی علامت ہوتی ہے اور سرخ و سیاہ رنگ نظر آئے تو نہ کرنے کی علامت ہوتی ہے ۔ تاہم خواب میں رنگ نظر آنا کوئی ضروری نہیں ہے۔ البتہ ہر ایک کو علحدہ علحدہ انداز میں اشارہ ملتے ہیں۔ اس لئے کسی بزرگ شخص کو جو آپ کے احوال و کیفیات سے واقف ہو اس سے ذکر کرنامناسب ہے ۔ تاکہ وہ اشارات کو صحیح سمجھ کر آپ کی رہنمائی کرے۔
قضاء نمازوں کیلئے بعد جمعہ نفل نماز پڑھنا
سوال :   مجھے کسی نے بتلایا کہ چھٹی ہوئی نمازیں ادا کرنے کیلئے جمعہ کے دن بعد نماز جمعہ چار رکعت نفل نماز اس طرح پڑھیں کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی اور سورہ کوثر کچھ تعداد میں پڑھ لیں تو مجھے یہ جاننا ہے کہ آیت الکرسی کتنی مرتبہ پڑھیں اور سورہ کوثر کتنی مرتبہ پڑھیں۔ براہ کرم یہ جانکاری دیں تو عین نوازش ہوگی۔
محمد صادق، نامپلی
جواب :  فوت شدہ نمازوں میں سے ہر نماز کی قضاء علحدہ طور پر کرنا لازم ہے۔ سوال میں ذکر کردہ نفل نماز شرعاً ثابت نہیں۔
قبرستان میں نماز جنازہ
سوال :   قبرستان میں نماز جنازہ پڑھنا درست ہے یا نہیں ؟
مختار علی، پرانی حویلی
جواب :  نماز جنازہ چونکہ اور نمازوں کی طرح فرض عبادت ہے اسلئے طہارت مکان جس طرح نماز پنجگانہ کیلئے شرط ہے اسی طرح نماز جنازہ کیلئے بھی شرط ہے۔ مقبرہ میں ہر قسم کی نماز پڑھنا مکروہ ہے ۔ اس لحاظ سے نماز جنازہ بھی مقبرہ میں مکروہ ہے ۔
عینی شرح بخاری جلد 2 صفحہ 351 باب مایکرہ الصلاۃ فی القبور میں ہے : و ذھب الثوری و ابو حنیفۃ والاوزاعی الی کراہۃ الصلاۃ فی المقبرۃ۔ بدائع و صنائع جلد 1 صفحہ 115 کتاب الصلاۃ فصل شرائط الارکان میں ہے :  و قد روی عن ابی ھریرۃ عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم انہ نھی عن الصلاۃ فی المزبلۃ والمجزرۃ و معاطن الابل و قوارع الطریق والحمام و المقبرۃ۔ عینی شرح بخاری کی جلد 2 صفحہ 369 میں ہے : عن ابی سعید الخدری قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ’’ الارض کلھا مسجد الا المقبرۃ والحمام ‘‘ ۔ در مختار مطبوعہ برحاشیہ رد المحتار جلد 1 کتاب الصلاۃ میں ہے : و کذا تکرہ فی اماکن کفوق الکعبۃ و فی طریق و مزبلۃ و مجزرۃ و مقبرہ اور ممانعت کی وجہ بعض علماء نے یہ بتائی کہ مقبرے عموما نجاستوں سے خالی نہیں ہوتے کیونکہ جاہل لوگ قبروں کی آڑ میں رفع حاجت کرتے ہیں، ایسی حالت میں وہاں نماز مناسب نہیں اور بعض نے یہ کہا ہے کہ اموات کی حرمت و عزت کے خیال سے وہاں نماز مکروہ ہے ۔ عینی کی اسی جلد میں صفحہ 352 میں ہے : حکی اصحابنا اختلافا فی الحکمۃ فی النھی عن الصلاۃ فی المقبرۃ فقیل المعنی فیہ ماتحت مصلاہ من النجاسۃ ۔ اسی جگہ ہے : والذی دل علیہ کلام القاضی ان الکراہۃ لحرمۃ الموتیٰ ۔ بدائع صنائع کی جلد 1 صفحہ 115 میں ہے : و قیل معنی النھی ان المقابر لا تخلوا عن النجاسات لأن الجہال لیستقرون بما شرف من القبور فیبولون و یتغوطون خلفہ فعلیٰ ھذا لا تجوز الصلاۃ لو کان فی موضع یفعلون ذالک لا نعدام طہارۃ المکان۔ البتہ اگر مقبرہ میں کوئی ایسی پاک جگہ ہے کہ جہاں نجاست وغیرہ نہ ہو اور اس میں کوئی قبر بھی نہ ہو اور نمازیوں کے سامنے بوقت نماز کوئی قبر بھی نہ آئے تو وہاں نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ رد المحتار جلد 1 صفحہ 287 کتاب الصلاۃ میں ہے : ولا باس بالصلاۃ فیھا اذا کان موضع اعد للصلاۃ و لیس فیہ قبر ولا نجاسۃ کما فی الخانیۃ  ۔ حلیۃ۔
احادیث صحیحہ میں اگرچہ یہ ثابت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض اموات کے دفن کے بعد ان کی قبر پر تشریف لیجاکر نماز پڑھی ہے جس سے مقبرہ میں نماز پڑھنا ثابت ہوتا ہے، اسی طرح اگر کوئی میت بلا نماز کے دفن کردی جائے تو اس کی قبر پر تین دن تک نماز پڑھنا درست ہے، جس سے مقبرہ میں نماز جنازہ پڑھنے کی اجازت ثابت ہوتی ہے۔ مگر ایسا بر بناء ضرورت ہے کیونکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا کسی کی نماز جنازہ پڑھنا رحمت تھا اس لئے آپ نے بعض میت کے نماز پڑھاکر دفن کئے جانے کے بعد بھی اس کی قبر پر نماز پڑھی ہے اور یہ فرمایا کہ میری نماز رحمت ہے اور بلا نماز کے دفن کئے جانے کی صورت میں تو بربناء ضرورت قبر پر نماز پڑھنا ضروری ہے تاکہ ایک مسلم کی میت بلا نماز جنازہ نہ رہ جائے ۔
نظر بد سے متعلق حدیث کی تحقیق
سوال :  عرض یہ ہے کہ میں ایک دینی کتاب کا مطالبہ کر رہا تھا جس کا عنوان ہے ’’قرآنی آیات کے ذریعہ نظر بد و جادو کا توڑ‘‘ اس کتاب میں مندرجہ ذیل حدیث شریف ہے۔’’اکثر من یموت من امتی بعد قضاء اللہ و قدرہ بالعین‘‘ (اللہ تعالیٰ کی تقدیر و فیصلہ کے بعد سب سے زیادہ میری امت میں مرنے والے نظر بد کی وجہ سے ہوں گے) کیا یہ حدیث صحیح ہے، اس کی صحیح تشریح فرمائیے تاکہ مجھے اور دوسرے حضرات کو صحیح رہنمائی ہو اور نظر بد کی تفصیلات کیا ہیں ؟
نام …
جواب :  سوال میں ذکر کردہ حدیث شریف حضرت جابربن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے اور وہ تھوڑے سے لفظی اختلاف کے ساتھ کتب حدیث میں نقل کی گئی ہے ، ایک روایت میں ہے : اکثر من یموت من امتی بعد کتاب اللہ و قضاء ہ قدرہ بالانفس (یعنی بالعین) اس حدیث میں ’’انفس‘‘ کا لفظ آیا ہے جس کے معنی ’’نظر بد‘‘ ہی کے ہیں۔
علامہ ابن حجرعسقلانی نے اس حدیث کو ’’حسن‘‘ قرار دیا ہے، ابن العراقی، محمد غزمی، عجلونی اور سخاوی نے کہا کہ اس کے رجال ’’ثقات‘‘ (قابل اعتماد) ہیں اور علامہ زرقانی نے اس حدیث کو صحیح قرار دیا ہے ۔ امام بخاری نے تاریخ کبیر (360/4) میں اس کو روایت کیا ہے اور امام بخاری نے اس حدیث میں واردلفظ ’’انفس‘‘ کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا: قال بعض اصحابنا: الانفس ھوالعین یعنی ہمارے بعداصحاب نے کہا کہ انفس سے ’’ عین یعنی نظر بند مراد ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : العین حق ، لتوردالرجل القبر ، والجمل القدر وان اکثر ھلاک امتی فی العین‘‘ نظر بد حق ہے وہ آدمی کو خبر تک اور اونٹ کو ہانڈی میں پہنچا دیتی ہے اور میری امت کی اکثر ہلاکت نظر بد سے ہوگی۔ (ابن عدی نے ’’الکامل (1831/5 ) میں اس کی راویت کی ہے) اور کہا کہ اس کی سند محفوظ نہیں ہے ، حافظ ابو عبد الرحمن محمد بن المقتدر الھروی نے کتاب العجائب میں اس حدیث کو نقل کیا ہے اور امام سخاوی نے ’’القاصد میں حضرت جابر سے دوسرے طریق سے مروی اس حدیث کو ضعیف قرار دیا ہے ۔ تاہم نظر بد کا اثر ظاہر ہونا قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : وان یکادالذین کفروا لیزلقونک بأبصارھم لما سمعوالذکر و یقولون انہ لمجنون وما ھوالاذکر للعالمین۔ ترجمہ : اور بے شک کافر لوگ جب قرآن سنتے ہیں تو ایسے لگتا ہے کہ آپ کو اپنی (حاسدانہ) نظروں کے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ (معاذ اللہ) مجنون ہیں اور وہ قرآن تو سارے جہانوں کے لئے نصیحت ہے(سورہ الحاقۃ 52/69 ) سورہ الفلق میں حاسد کے شر سے پناہ طلب کرنے کی تلقین کی گئی ہے ، ومن شر حاسد اذا حسد ترجمہ : اور حسد کرنے والے کے حسد سے جب وہ حسد کرے (سورۃ اللفلق 5/- )
ابن القیم نے زادالمعاد میں نظر بد کی اس طرح تعریف کی ہے: ھی سھام تخرج من نفس الحاسد والعائن نحوالمحسود والمعین تصیبہ تارۃ و تخطیہ تارۃ۔ ترجمہ : نظر بد وہ در حقیقت تیر ہیں جو حاسد اور آنکھ لگانے والے کی نگاہ سے محسود (جس سے حسد کیا جائے) اور ’’معین‘‘ (جس کو نظر لگتی ہے) کی جانب نکلتی ہیں کبھی وہ تیر اسکو لگ جاتی ہیں اور کبھی خطا کرجاتی ہیں۔ نظر اور حسد میں فرق ہے نظر کبھی اس کو پہنچ جاتی ہے جس سے وہ حسد نہیں کرتا ہے ۔ نظر ’ انسان کے علاوہ جمادات ’ حیوان ، کھیتی ، مال و دولت کو لگتی ہے اور ابن قیم نے زادالمعاد کی تیسری جلد میں ایک لطیف بات بیان کی ہے کہ نظر لگنے کیلئے آنکھ سے دیکھنا ضروری نہیں ہے بلکہ کبھی نابینا شخص کی بھی نظر لگ جاتی ہے، جب اس کے سامنے کسی کی اچھائی بیان کی جائے اور وہ اس سے متاثر ہوجائے اگرچہ وہ دیکھ نہ پائے لیکن اس کی نظر لگ جاتی ہے۔
نظر کی تین قسمیں ہیں۔ (1) جب انسان کسی دوسرے شخص میں کسی نعمت کو دیکھ کر حد سے زیادہ متاثر ہوجائے تو بھی اس کی نظر لگ جاتی ہے ۔ اس لئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اذا رائی احد کم من اخیھا یعجبہ فلیدع لہ بالبرکۃ (ابن ماجہ) ترجمہ : جب تم میں سے کوئی اپنے بھائی میں کوئی ایسی چیز دیکھے جو اس کو بھا جائے تو وہ اس کیلئے برکت کی دعاء کرے۔ ابن حجر عسقلانی نے لکھا کہ چاہنے والے کی بھی نطر لگ جاتی ہے ۔ اس لئے برکت کی دعاء کردینا چاہئے ۔ اس کی وجہ سے وہ نظر سے محفوظ ہوجاتا ہے ۔ (2) حسد کرنے والے کی نظر جو حاسد کی خباثت نفسی سے نکلتی ہے اور نعمت کے زوال و ہلاک کی امید کرتی ہے ۔ (3) قاتل نظر : وہ نظر ہے جو نقصان و ضرر کے قصد و ارادہ سے نکلتی ہے اور اثر کر جاتی ہے۔ مخفی مبادکہ جس طرح انسان کی نظر لگتی ہے اسی طرح جنات کی بھی نظر لگتی ہے ۔ اس لئے نظر بد سے بچنے کیلئے سورۃ الفلق، سورۃ الناس ، سورۃ الاخلاص ، سورہ فاتحہ اور آیت الکرسی کی کثرت سے تلاوت کرنا چاہئے اور نظر سے حفاظت کے لئے یہ الفاظ بھی ہیں ۔ اعوذ بکلمات اللہ التامات من شرما خلق و اعوذ بکلمات اللہ التامۃ من غضبہ و عقابہ و من شر عبادہ و من ھمزات الشیاطین وان یحضرون ۔ ترجمہ : میں اللہ کے کامل کلمات کی پناہ میں آتا ہوں اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کیا اور میں اللہ کے کامل کلمات کی پناہ میں آتا ہوں اس کے غضب و عقاب سے اس کے بندوں کے شر سے اور شیاطین کے اثرات سے اور یہ کہ وہ مجھ پر طاری ہوں۔
پس سوال میں ذکر کردہ حدیث کی صحت کے بارے میں علماء کا اختلاف ہے۔ بعض نے اس کو ’’حسن‘‘ قرار دیا اور بعض نے اس کو ضعیف قرار دیا تاہم دوسری روایات میں نظر کا حق ہونا ثابت ہے اور مذکورالسؤال حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ میری امت دوسری امتوں کے مقابل میں نظر بد سے زیادہ فوت ہوگی اور کوئی چیز بھی قضاء و قدر کو نہیں ٹال سکتی۔ اگر بغرض محال کوئی چیز قضاء و قدر پر غالب آسکتی تو وہ نظر ہوتی۔ یہ نظر کے اثر کو بتانے کیلئے ہے ورنہ کوئی چیز قضاء و قدر پر غالب نہیں آسکتی۔