لندن ۔17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے اعلان کیا ہے کہ انگلش کرکٹر معین علی کے ساتھ تعصبانہ رویہ برتنے اور سخت الفاظ استعمال کرنے والے آسٹریلیائی کرکٹر کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت وہ کارروائی کر سکتے ہیں لیکن اسکے لئے ضروری ہے کہ اس کرکٹر کا نام سامنے آئے۔ دوسری جانب معین علی جنہوں نے پہلے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی سوانح حیات میں اس کرکٹر کا نام ظاہر کردیں گے جنہوں نے 2015 کی ایشز میں کارڈف ٹسٹ کے دوران انہیں اسامہ کہاتھا۔ تاہم تازہ بیان میں انہوں نے اپنا فیصلہ بدلنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کو عوامی سطح پر ذلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے پر فوری کارروائی کر تے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔ کھلاڑی کے حوالے سے معین نے اپنے ٹریور بلیسز کوچ کو رپورٹ اسی وقت کردی تھی جبکہ انگلش کوچ نے بھی معاملہ آسٹریلیائی کوچ ڈیرن لہیمین کو بتادیا تھا، چنانچہ واقعہ کودیکھنے والے بورڈز اس کھلاڑی کا نام جانتے ہیں، دیکھنا ہوگا کہ اس پر کارروائی کیا ہوگی۔