اساتذہ کی غفلت سے قوم کا مستقبل داؤ پر

ظہیرآباد 3 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد شریمتی چنوری لاونیا نے یہاں گورنمنٹ جونیر کالج میں ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ تہنیتی و رسم اجرائی کیلنڈر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت ریاست کے تمام شعبوں کی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے لئے عنقریب تقرراتی امتحانات میں شریک ہوکر کامیابی حاصل کریں۔ انھوں نے اسکول اسسٹنٹ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ظہیرآباد جناب غلام مصطفیٰ کی وظیفہ حسن حدمت پر سبکدوشی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جناب مصطفے نے اپنی زندگی کے قیمتی 30 سال ہزاروں طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں صرف کردیئے۔ انھوں نے وظیفہ کے بعد بھی اردو کے فروغ کے لئے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی جناب محمد مصطفی سے خواہش کی۔ انھوں نے صدر تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ظہیرآباد و سینئر صحافی جناب سید منیر نے اپنی صحافتی خدمات کے ذریعہ تمام سیاسی و غیر سیاسی حلقوں میں اپنا منفرد مقام بنایا ہے۔ انھوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جناب سید منیر اپنی صحافتی خدمات بدستور جاری رکھیں گے۔ سابق صدر اسٹیٹ ٹیچرس اسوسی ایشن و موظف مدرس جناب محمد غلام مصطفی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اردو کی کسمپرسی اور زبوں حالی کے لئے حکومت سے زیادہ خود اردو والوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہاکہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اردو کی روٹی کھانے والوں کے بچے انگریزی میڈیم اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں۔ سید منیر نے اردو میڈیم طلباء کو مایوس نہ ہونے کی تلقین کی اور کہاکہ اردو کا مستقبل شاندار ہے۔ وہ ایک زندہ و پائندہ زبان ہے جسے کوئی بھی طاقت مٹا نہیں سکتی۔ انھوں نے اعتراف کیاکہ اردو مخالف طاقتیں اردو زبان کو مٹانے کے درپے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش جب تک اردو پر مر مٹنے والے زندہ ہیں، کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت اردو کو روزگار سے مربوط کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی۔ جناب سید منیر نے ان تمام حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان کی ناسازیٔ صحت کے دوران مزاج پرسی کی اور جلد صحت یابی کے لئے بارگاہ رب العزت میں دعائیں کیں۔ جناب محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گورنمنٹ گری راج کالج نظام آباد نے آن لائن خطاب کیا۔ جناب سید امجد علی پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملازمت کے حصول کے لئے سخت جدوجہد کررہے ہیں جبکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ وہ حصول ملازمت کے بعد اپنے فرائض منصبی سے پہلوتہی اختیار کرتے ہیں جس سے قوم کا نقصان ہوتا ہے۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہاکہ اساتذہ کے ہاتھوں میں قوم کا مستقبل ہوتا ہے۔ اگر وہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت سے کام لیں تو قوم کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے۔ انھوں نے ڈی ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو سخت محنت سے کام لینے کی تلقین کی۔ نائب صدرنشین بلدیہ جناب محمد عظمت پاشاہ، رکن بلدیہ جناب محمد عبداللہ، ضلعی صدر تلنگانہ مائناریٹی ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن جناب محمد اطہر، جناب محمد نعیم و محمد حفیظ مدرسین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر موظف مدرس جناب غلام مصطفی اور سینئر صحافی جناب سید منیر کی شال پوشی و گلپوشی بھی کی گئی۔ تقریب کا آغاز طالب علم محمد افروز کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جبکہ نظامت کے فرائض ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری جناب محمد محبوب نے انجام دیئے۔ اس موقع پر اساتذہ مسرز محمد رفیق متین، محمد معید خان، محمد جمیل کے بشمول طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔