اساتذہ کا احترام کرنے طلبہ کو مشورہ

ظہیرآباد میں تہنیتی تقریب سے صدر مدرس بسواراج اور دیگر کا خطاب
ظہیرآباد ۔ /2 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد غلام مصطفیٰ اسکول اسسٹنٹ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ظہیرآباد وظیفہ حسن خدمت پر /31 جنوری کو سبکدوش ہوئے ۔ اس موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے احاطہ میں تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس کی صدارت جناب ایس بسواراج صدر مدرس گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نے کی ۔ اس موقع پر جناب بھوجنگ راؤ جنرل سکریٹری ایس ٹی یو تلنگانہ اسسٹنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے ۔ اس کی عظمت کو برقرار رکھنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے جب کہ اساتذہ کا احترام کرنا اور ان کی ہدایتوں پر عمل کرنا طلباء کا فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں وہی طلباء مسابقتی امتحانات کے لئے اہل ثابت ہوتے ہیں جو سالانہ امتحانات میں زیادہ سے زیادہ نشانات حاصل کرنے کا ریکاڈ رکھتے ہیں ۔ صدر مدرس گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول جناب ایس بسواراج نے اپنے صدارتی خطاب میں جناب غلام مصطفی کو ایک فرض شناس ، ایماندار ، پابند ڈسپلن اور منکسرالمزاج مدرس قرار دیا ۔ صدر مدرس جناب بسواراج نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ سی ای ڈی ایم (CEDM)  کے زیرنگرانی چلائے جانے والے کوچنگ کلاسس کے علاوہ ڈائیٹ سٹ ، ہال سیٹ، ایم سیٹ ، ڈی ایس سی اور ٹیٹ کی کوچنگ کلاسیس کا آغاز کرنا اور اوپن اسکول کو قائم کرنا جناب غلام مصطفٰی کے ناقابل فراموش کارنامے ہیں ۔دیگر اساتذہ مسرز ڈی اشوک ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ، این ویریشم ، این رکماریڈی ، این ویرا ریڈی ، منیش کمار ، ایس یادگیری ، ایم پریند کمار ، سید صابر علی ، سریگاپربھاکر نے بھی اپنے خطابات کے دوران جناب غلام مصطفیٰ کی خدمات کی زبردست ستائش کی ۔ اس موقع پر موظف مدرس جناب غلام مصطفی کی بکثرت شالپوشی و گلپوشی کی گئی جب کہ ضلعی اور مقامی سطح کے مدرسین کے بشمول گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے سینکڑوں طلباء نے اپنی شرکت کے ذریعہ تہنیتی تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔