اساتذہ، طلبہ کو ذمہ دار شہری بنائیں

سدا سیو پیٹ میں تہنیتی تقریب سے رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کا خطاب
سنگاریڈی /2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل سدا سیو پیٹ کے مختلف مواضعات کے سرکاری اردو و تلگو میڈیم اسکولس میں کارگزار 18 معلم و معلمات کو درس و تدریس میں بہترین خدمات انجام دینے کے اعزاز میں بسٹ ٹیچر ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا، جن میں مسرز محمد خواجہ معین الدین فاروق صدر مدرس اردو پرائمری اسکول پدا پور منڈل سدا سیو پیٹ، محمد رحمن اور محترمہ فہمیدہ بیگم کے علاوہ تلگومیڈیم کے 15 اساتذہ کو ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔ اس خصوص میں مستقر سدا سیو پیٹ میں ایک تہنیتی جلسہ منعقد ہوا، جس میں چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے مذکورہ اساتذہ کی گلپوشی و شال پوشی کی اور انھیں بسٹ ٹیچر ایوارڈ عطا کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ، طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کریں، تاکہ مستقبل میں طلبہ ملک کے ذمہ دار شہری کہلائیں اور اپنا و ملک کا نام روشن کرسکیں۔ انھوں نے سنہرے تلنگانہ کے قیام اور تعمیر نو کے لئے اساتذہ کی خدمات کو ازحد ضروری قرار دیا۔ مقامی رکن اسمبلی نے حلقہ کے سرکاری اسکولس میں اضافی کلاس رومس، طہارت خانے و بیت الخلاء، انفراسٹرکچر کی فراہمی، اساتذہ کی مخلوعہ جائدادوں و دیگر اسٹاف کے تقررات جیسے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ جناب محمد خواجہ معین الدین فاروق نے بسٹ ٹیچر ایوارڈ کے لئے منتحب کرنے پر منڈل ایجوکیشن آفیسر ایم سریش سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر محمد ایاز الدین، محمد یونس، محمد عرفان، نظام الدین، متین سلطانہ ہندی پنڈت، خالدہ بیگم، اشوک، وجے کمار معلم و معلمات کے علاوہ چیرمین بلدیہ سدا سیو پیٹ پٹنم وجے لکشمی، تحصیلدار بالیا، صدر منڈل پرجا پریشد رویندر، ایم پی ڈی او سجاتا نائک اور ایم سریش ایم ای او سدا سیو پیٹ بھی موجود تھے۔