ازہاگری کے حامیوں کیخلاف کارروائی کی ڈی ایم کے کی دھمکی

چینائی ؍ مدورائی 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اپنے کارکنوں کو متحد رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے ڈی ایم کے نے آج کارکنوں کو انتباہ دیا کہ اگر وہ معطل قائد ایم کے ازہاگری سے قربت پیدا کریں گے تو اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈی ایم کے جنرل سکریٹری کے امباس دان نے ازہاگری پر الزام عائد کیاکہ وہ اُن کے حامیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اُلجھن پیدا کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے ساتھ روابط رکھنے والوں کے خلاف ڈسپلن شکنی کی کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ازہاگری نے اپنا موقف نرم کرلیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اُنھوں نے کسی پارٹی مخالف سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔ مدورائی میں بیان جاری کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی وقت اُنھوں نے پارٹی مخالف سرگرمی میں شرکت نہیں کی۔ اُنھیں حیرت ہے کہ اُن کے خلاف کارروائی کیوں کی گئی وہ پارٹی میں پھیلی ہوئی اُلجھن اور بے قاعدگی دور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ازہاگری نے دو دن قبل اپنے حامیوں کے مدورائی میں اجلاس منعقد کئے تھے جس کے بعد ڈی ایم کے کی جانب سے یہ سخت انتباہ کارکنوں کو جاری کیا گیا۔