ارکان پارلیمنٹ کی گاڑیوں پر ٹول کی ادائیگی سے استثنیٰ

نئی دہلی6اگست (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی سڑک ونقل وحمل وزیر نتن گڈکری نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ قومی شاہراہوںپر بنے ٹول پلازہ سے صرف ممبران پارلیمنٹ کی گاڑی کو ہی مفت نکلنے کی اجازت ہے اور ان کے ساتھ کی دیگر گاڑیوں کو ٹول پلازہ پر فیس ادا کرنی ہوگی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے اوم ماتھر نے ٹول پلازہ پر لگنے والی بھیڑ اور ممبر پارلیمنٹ کی غیر موجودگی میں ان کی گاڑی میں سوار لوگوںکے ساتھ برے سلوک کئے جانے کے بارے میں ضمنی سوال پوچھا تھا۔ گڈکری نے بتایا کہ ہر رکن پارلیمنٹ کو دو مفت فاسٹ ٹیگ دیئے جاتے ہیں ایک دہلی کے لئے اور دوسرا ان کے پارلیمانی علاقے کے لئے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ فاسٹ ٹیگ صرف ممبر پارلیمنٹ کی گاڑیوںکے لئے ہوتا ہے اور ان کے ساتھ آنے والی گاڑی کو فیس دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹیگ اسکیم کو پوری طرح لاگو کرنے میں ابھی ڈھانچہ جاتی سہولیات کی دقت آرہی ہے لیکن اس پر تیزی سے کام ہورہا ہے اور اگلے 6 مہینے میں سبھی ٹول پلازہ پر آمدورفت پوری طرح آسان ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں قومی شاہراہوں پر 479 فیس پلازہ کام کررہے ہیں۔ ابھی 409 ٹول پلازہ میں فاسٹ ٹیگ لین کام کررہا ہے ۔راجستھان میں 69 فیس پلازوں میں سے قومی شاہراہوں پر 48 میں فاسٹ ٹیگ کام کررہا ہے ۔باقی پر یہ کام اس برس کے آخر تک پورا ہونے کی امید ہے ۔ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہوں سے ٹول پلازہ کو ہٹانا ممکن نہیں ہے کیونکہ شاہراہوں کو بنانے کے لئے ٹول پلازہ سے کافی رقم حاصل ہوتی ہے ۔