کریم نگر ۔ 15 ۔ مئی ( ای میل ) جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیراہتمام عازمین حج کا پہلا تربیتی کیمپ میٹرو فنکشن ہال گودام گڈہ میں عازمین حج مرد و خواتین کی کثیر تعداد سے سرپرست جمعیۃ الحفاظ امام و خطیب مسجد ٹین پوش حیدرآباد مہمان خصوصی مولانا احمد عبید الرحمن اطہر قاسمی وندوی نے خطاب میں کہا کہ حج کو لوگوں کو بتلانے یا شہرت کیلئے نہیں ادا کرنا چاہئے ۔ حج کا تعلق نیت سے ہے ۔ جب حج ارادہ کرچکے تو حج کے اعمال کی فکر کریں ۔ حج کے ارکان کو اچھا جان بوجھ کر جانا چاہئے ۔ عازمین سے کہا کہ حج کا ارادہ کرتے ہی اللہ کی طرف لولگا دیں ۔ فرائض نماز کا اہتمام ، قرآن کی کثرت سے ، ذکر اللہ کو کثرت سے شروع کردیں تاکہ اللہ کا قرب حاصل ہو ۔ حج اللہ کا قرب حاصل کرنے کیلئے کیا جاتا ہے ابھی یہ اعمال شروع کردینگے تو حج کے زمانے میں بھی کرنا آسان ہوگا ۔ خاتون عازمین حج سے کہا کہ عبادات کے ساتھ پردہ کا خاص خیال رکھیں پردہ عورت کا اللہ کو بہت پسند ہے اس لئے یہاں پر اور حج کے مواقع پر بھی پردہ کاخاص خیال رکھیں ۔ حاجی کا ہر عمل اللہ کو پسند ہے اس صحیح علم حاصل کرنے جائیں ۔ حج کے بعد کی زندگی کو مثالی زندگی بنائیں ۔ اس کیمپ کے نگران جمعیۃ الحفاظ کے صدر حافظ احمد سبقت شاہ خان نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمعیۃ کا مختصر تعارف کروایا ۔ فنکشن ہال میں ظہر کی نماز کا اہتمام کیا گیا اور تمام مہمانوں کی ضیافت کی گئی ۔ انتظامات میں حافظ وسیم الدین معتمد ، حافظ معظم حسین فیضی ، حافظ سید رضوان ، حافظ حبیب ، حافظ عبدالقادر ، حافظ سید لیق الرحمن ، محمد مظہر علی کے علاوہ داعی کبیر عبدالسلیم ، افضل بھائی وغیرہ موجود تھے ۔ دوسرا تربیتی کیمپ کا اعلان ختم مئی تک کیا جائیگا ۔