ارکان حج اور فرائض صحیح ادا کرنے کی تلقین

ظہیرآباد میں عازمین حج کے اجتماع سے مولانا عتیق احمد قاسمی کا خطاب
ظہیرآباد۔ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ممتاز عالم دین مولانا عتیق احمد قاسمی نے یہاں مسجد عرفات میں میدک حج ویلفیر سوسائٹی کے زیراہتمام منعقدہ عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج مخصوص ماہ کے مخصوص ایام میں مخصوص مقامات پر ادا کی جانے والی جامع عبادت ہے جو اقطاع عالم کے عازمین حج کو اللہ کے مہمان بننے کی سعادت سے سرفراز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 تا 12 ذی الحجہ ایام حج کہلاتے ہیں جبکہ احرام باندھنا، عرفات میں قیام کرنا اور طواف زیارت کرنا حج کے تین فرائض ہیں جنہیں ترتیب سے ادا کرنا ضروری ہے۔ اگر تینوں فرائض میں سے ایک بھی فرض چھوٹ جائے تو حج نہیں ہوتا اور اس کی تلافی قربانی سے بھی پوری نہیں ہوسکتی بلکہ دوبارہ حج کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حج کے صحیح ہونے کے لئے ضروری ہے کہ سارے ارکان اور فرائض صحیح طور پر ادا کئے جائیں اور یہ کہ ہر عبادت کے لئے خلوص نیت شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج سے واپسی کے بعد حاجیوں پر کئی گنا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ لوگوں کی نظریں حاجیوں کے اعمال پر رہتی ہیں۔ ان کی بقیہ زندگی پورے احساس کے ساتھ اس طرح سے گزرے کہ ایک دن انہیں اپنے مالک کے حضور پیش ہونا ہے اور ہر عمل کی جوابدہی کرنی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران حج کے فضائل، شرائط، فرائض، واجبات، مسنونات، ممنوعات، مکروہات اور مباحات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالنے کے علاوہ مناسک حج و عمرہ کا اجمالی خاکہ بھی پیش کیا۔ امام و خطیب مولانا عبدالمجیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ کی حاضری اور زیارت ہر مومن کے لئے سعادت عظمیٰ اور موجب شفاعت ہے۔ یہ وہ مقدس مقام ہے جسے خالق کونین نے اپنے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کا گھر فرمایا ہے جبکہ رحمت اللعالمینؐ کا ارشاد مبارک ہے کہ جو میری قبر کی زیارت کرے، اس کے لئے میری شفاعت واجب ہے اور یہ کہ جس شخص نے بیت اللہ کا حج کیا اور میری زیارت نہ کی، اس نے مجھ پر ظلم کیا۔ انہوں نے حجاج کرام پر زور دیا کہ وہ مدینہ منورہ میں اپنے قیام کے دوران اپنی ہر نماز مسجد نبیؐ ہی میں ادا کریں۔ مفتی عبدالصبور، مفتی نذیر احمد اور حافظ محمد مجیب نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں حافظ جنید احمد کی قرأت کلام پاک سے تربیتی اجتماع کا آغاز ہوا۔ جبکہ مولانا عتیق احمد قاسمی کے دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوا۔ بعدازاں تمام عازمین حج کی پاکیزہ ہوٹل کی جانب سے ضیافت کی گئی۔ ڈاکٹر شیشو کی ٹیم نے عازمین حج کی ٹیکہ اندازی کی۔ صدر میدک حج ویلفیر سوسائٹی جناب محمد غوث موذن نے تربیتی اجتماع کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔