ارون جیٹلی نے وزیر خزانہ کا چارج سنبھالا

نئی دہلی23اگست (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے گردے کے ٹرانسپلانٹ کی وجہ سے تین ماہ کے وقفے کے بعد جمعرات کو پھر سے خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزارت کا عہدہ سنبھال لیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مشورہ پر مسٹر جیٹلی کو پھر سے خزانہ اور کمپنی امور کی وزارت کا چارج سونپنے کی ہدایت دی تھی۔مسٹر جیٹلی مانسون اجلاس کے دوران راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے دن پارلیمنٹ آئے تھے ۔ واضح ر ہے کہ مسٹر جیٹلی کا گزشتہ مئی میں گردے کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا اور وہ طویل عرصے سے بیمار چل رہے تھے ۔ گردے سے متعلقہ مسائل کی وجہ سے مسٹر جیٹلی نے اپریل کے آغاز میں ہی وزارت کے دفتر آنا چھوڑ دیا تھا اور گھر سے ہی کام کر رہے تھے ۔ 5 اپریل کو انہوں نے ٹویٹ کرکے اپنی بیماری کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد 14 مئی کو ان کا گردے کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔ ان کی بیماری کے دوران مسٹر پیوش گوئل وزارت خزانہ کا اضافی چارج سنبھال رہے تھے ۔