نئی دہلی 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )سینئر بی جے پی قائد ارون جیٹلی نے یوگا ٹیچر رام دیو کا مہاتما گاندھی سے تقابل کرتے ہوئے ان کی ستائش کی کہ انہوں نے ملک کے رائے دہندوں کا شعور بیدار کیا ہے ۔ رام دیو کے حامیوں نے اتوار کے دن ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں جیٹلی نے کہا کہ رام دیو کا رائے دہندوں کا شعور بیدار کرنے کی کارروائی مہاتما گاندھی اور جئے پرکاش نارائن تحریکوں کے مماثل ہے انہیں کسی عہدہ کا لالچ نہیں تھا ان کا مقصد نظام کو مستحکم کرنا تھا ۔ رام دیو کی انتخابی مہم کالے دھن اور کرپشن کے خلاف مہاتما گاندھی اور جئے پرکاش نارائن تحریکوں کے مماثل تھی ۔ رام دیو نے کھل کر بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کی تائید کی تھی اور عہد کیا تھا کہ وہ اس وقت تک ہری دوار میں قائم اپنے آشرم میں واپس نہیں آئیں گے جب تک کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کو شکست نہ ہوجائے بی جے پی کو عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی ۔ برسر اقتدار کانگریس ناکام ہوئی اور بی جے پی نے اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے کیلئے 282 نشستیں حاصل کرلیں۔ حلیفوں کی نشستوں کے ساتھ ان کی جملہ نشستوں کی تعداد 336 ہیں ۔ اس تقریب کا اہتمام ان کی کامیابی کا جشن منانے کیلئے کیا گیا تھا جس میں کئی نو منتخب بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اور صدر راجناتھ سنگھ موجود تھے ۔