ارون جیٹلی سے استعفیٰ کا مطالبہ ‘ یوتھ کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی یوتھ کانگریس نے آج وزیر فینانس ارون جیٹلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملک سے فرار وجئے مالیا کے کیس میں انسے استعفی کا مطالبہ کیا ۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے ادیوگ بھون سے احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا اور انہیں پولیس نے اس وقت روک لیا جبکہ وہ جیٹلی کی قیامگاہ کی سمت بڑھ رہے تھے ۔ یوتھ کانگریس کے نائب صدر سرینواس بی وی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی خود کو نیشنلزم کی چمپئن قرار دیتی ہے۔ اس نے مالیا کے فرار کے مسئلہ پر قوم سے دھوکہ کیا ہے ۔ جب تک ارون جیٹلی اپنے عہدہ سے استعفیٰ پیش نہیں کردیتے یوتھ کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا ۔ احتجاجیوں نے جیٹلی کے خلاف نعرے لگائے اور مودی حکومت کو بھی نشانہ بنایا ۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ وجئے مالیا کے فرار پر ملک کے عوام کے جو سوالات ہیں ان کا جواب دیں۔