اروند کجریوال کی پولیس کمشنر سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج پولیس کمشنر بی ایس باسی سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا ہیکہ انتخابی مہم کے دوران ان پر حالیہ کئے گئے حملوں کے پیچھے اصل سازشی ذہن کا پتہ چلایا جائے۔ کجریوال نے کل شمال مغربی دہلی کے سلطانپور علاقہ میں ایک روڈ شو کے دوران انہیں طمانچہ رسید کرنے والے آٹو رکشہ ڈرائیور کے گھر پہنچ کر ان سے ملاقات کرنے کے بعد کمشنر پولیس سے ملاقات کی ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ وہ سیکوریٹی نہیں لیں گے لیکن میرے ساتھ 20 پولیس ملازمین کو بھی تعینات کیا گیا تو یہ حملے نہیں رکیں گے۔ اس لئے بہتر ہیکہ حملے کے پیچھے کس سازشی ذہن کا ہاتھ ہے اس کا پتہ چلایا جائے۔

مدھیہ پردیش میں 40 فیصد عام آدمی پارٹی امیدوار کا مجرمانہ ریکارڈ ، 30 فیصد ارب پتی
بھوپال ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے عام آدمی پارٹی کے 30 فیصد امیدوار ارب پتی ہیں جبکہ 40 فیصد امیدوار مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اس بات کا انکشاف دوسرے مرحلہ کیلئے امیدواروں کی خوبیوں کا جائزہ لینے والے ایک گروپ نے کیا ہے۔ اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفامس اور ایم پی الیکشن واچ نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں 7 اپریل کو دوسرے مرحلہ کے انتخابات کے دوران 10 حلقوں میں رائے دہی ہوئی جس میں زیادہ تر مجرمانہ ریکارڈ کے حامل امیدوار تھے۔ کانگریس اور بی ایس پی کے امیدوار بھی مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ان 10 کے منجملہ بی جے پی کے 3 امیدوار کا بھی مجرمانہ ریکارڈ ہے۔