اروند کجریوال کی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات

قومی دارالحکومت کی صورتحال پر چیف منسٹر دہلی کو شیوسینا کی تائید
ممبئی۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) حکومت اور لفٹننٹ گورنر دہلی کے درمیان شدید اختلافات کے درمیان چیف منسٹر اروند کجریوال نے شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکرے سے ملاقات کی اور انہیں قومی دارالحکومت کی صورتحال سے واقف کروایا۔ ٹھاکرے کے میڈیا اڈوائزر ہرشل پردھان نے کہا کہ اروند کجریوال نے کل ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ادھو جی کا یہ احساس ہے کہ دہلی کے عوام کی جانب سے منتخب کی گئی حکومت کو اس کی کارکردگی میں کوئی رکاوٹ پیدا کئے بغیر کام کرنے دینا چاہئے۔‘‘ ’’تاہم اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ شیوسینا، جو این ڈی اے کی حکومت اہم حلیف جماعت ہے، کجریوال اور عاپ کی تائید و حمایت کررہی ہے۔‘‘ پردھان نے اس سلسلہ میں میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ عاپ حکومت کے نظم ونسق کے امو رپر لفٹننٹ گورنر انیل بائجال کے ساتھ ایک ہفتہ سے شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں ’’جمہوریت کے قتل‘‘ کے خلاف اس کی حمایت کرنے پر آج راج ٹھاکرے کی زیر قیادت مہاراشٹرا نونرمان سینا کا شکریہ ادا کیا۔ عاپ کے ترجمان پریتی شرما مینن نے کہا کہ یہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جمہوریت کے لیے کھڑے ہونے کا سچا جذبہ ہے۔ مہاراشٹرا نونرمان سینا نے گزشتہ ہفتہ وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا تھا کہ آیا کجریوال اور بیورکریٹس کے درمیان تعطل کو ختم کرنا ان کا کام نہیں ہے جس کی وجہ عوام کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔