اروند کجریوال کیلئے نئے گھر کی تلاش کا آغاز

نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کیلئے ایک پانچ بیڈ روم والے ڈوپلیکس اپارٹمنٹ کے الاٹمنٹ پر تنازعہ اور اس سے دستبرداری کے بعد امکان ہے کہ مسٹر کجریوال کیلئے نئے گھر کی تلاش کا سلسلہ کل سے دوبارہ شروع ہوجائیگا ۔ سکریٹری وزارت شہری ترقیات سدیر کرشنا نے آج کجریوال سے ملاقات کی اور اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے بموجب کجریوال نے مسٹر کرشنا سے کہا کہ وہ ان کیلئے ایک چھوٹا مکان تلاش کریں۔ اب نئی دہلی علاقہ میں کل سے ان کیلئے ایک گھر کی تلاش کا کام شروع ہو جائیگا۔ چیف منسٹر دہلی فی الحال غازی آباد میں اپنی قیامگاہ سے ہی کام کاج چلا رہے ہیں۔

اقلیتی نوجوانوں کے مقدمات : شنڈے کے بیان پر بی جے پی کی سخت تنقید
نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے پر تنقید کی جنہوں نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرنے میں احیتاط سے کام لیں۔ پارٹی نے کہا کہ کسی بھی مجرم سے مذہب کا ذات پات کی بنیاد پر امتیاز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ پارٹی ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہا کہ انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ مسٹر شنڈے بحیثیت وزیر داخلہ ہدایت جاری کر رہے ہیں کہ ریاستیں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی گرفتار ی میں احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اکثریت یا اقلیت کا کیا مسئلہ ہے ۔ اس میں مذہب یا ذات پات کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب حکام کسی خاطی کو گرفتار کریں تو اس کا مذہب کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے ۔ یہ مسئلہ مذہب کی اسا س پر نہیں دیکھا جاسکتا ۔