ارن مولا ایر پورٹ پراجکٹ پر بی جے پی اور سنگھ پریوار مرکزی حکومت پر برہم

کوچی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ارن مولا میں خانگی ایر پورٹ کی تعمیر کے خلاف طویل عرصہ تک مزاحمتی تحریک چلانے کے بعد بی جے پی اور سنگھ پریوار کو کیرالا میں اپنی برہمی کا رخ مرکزی حکومت کی جانب موڑ دینا پڑا کیونکہ مرکزی وزارت ماحولیات نے اس پراجکٹ کے احیاء کیلئے ایک سروے کا حکم دیا ہے جو اس کے اثرات کا جائزہ لے گا ۔ کیرالہ کے سنگھ پریوار کے سینئر قائد اور ارن مولا تہذیب ورثہ دیہات کے تحفظ کی کونسل کے سرپرست کمنم راجہ شیکھرن نے کہا کہ اس اقدام کے خلاف جدوجہد آئندہ دنوں میں مزید مستحکم کی جائے گی۔ مرکزی وزارت ماحولیات کے ماہر کی منظوری کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں اس ایر پورٹ کی تعمیر کی اجازت دینے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے نریندر مودی حکومت سے خواہش کی کہ اس ’’عوام دشمن ‘‘ فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کے صرف دو پہلو ہیں۔ ایک عوام حامی ہے اور دوسرا عوام دشمن ہے ۔ ہم عوام کی جانب سے جدوجہد کررہے ہیں اگر مودی حکومت ایر پورٹ تعمیر کرنے والوں کی تائید کرتی ہے تو ہمارے پاس یہ سمجھنے کے سوائے کوئی اور راستہ نہیں ہے کہ حکومت کو حریف تصور کریں ۔