اردو یونیورسٹی میں آن لائن تدریس پر ورکشاپ کا اختتام

حیدرآباد، 29؍ نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سینٹر کی جانب سے دستیاب تعلیمی وسائل کے ساتھ آن لائن تدریس، تعلیم ، اور اسسمنٹ کے موضوع پر اساتذہ کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے ایک سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا آج اختتام عمل میں آیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد اساتذہ میں ترسیلی ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ تدریس و اکتساب میں دلچسپی پیدا کرنا تھا۔ اس کا دوسرا مقصد معیار کی بہتری کے ذریعہ مجموعی داخلہ تناسب (گراس اینرالمنٹ ریشو) میں بہتری لانا تھا۔ پروفیسر کے سرینواس، نیشنل یونیورسٹی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن (نیوپا) نے مختلف سیشنس میں اساتذہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے اختتامی اجلاس میں کہا کہ آئی سی ٹی کے استعمال نے تدریس اور سیکھنے کے عمل کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے اور یہ تعلیم کے میدان میں سونامی کا موجب بنے گی۔ ڈاکٹر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر نے 27؍ نومبر کو منعقدہ افتتاحی اجلاس میں کہا کہ الکٹرانک اکتساب اور آن لائن اکتساب آج کی ضرورت ہے۔ یہ ورکشاپ اساتذہ کو ڈیجیٹل تعلیم کی تدریسی ٹیکنیک سیکھنے اور اس کے ذریعہ تدریس کا معیار بلند کرنے میں معاون ہوگا۔ پروفیسر کے آر اقبال احمد، ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کو نئے نظام کے ذریعہ کمرۂ جماعت اور فاصلاتی طرز دونوں طرح کے طلبہ کو بہتر تعلیم دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فاصلاتی طرز تعلیم بڑے پیمانے پر تدریس کا واحد ذریعہ ہے اور آئی سی ٹی کے ذریعہ اس کو کافی فروغ ملے گا۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر مرکز برائے تدریسی ذرائع ابلاغ نے کہا کہ آئی سی ٹی اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ طلبہ کو آسانی سے تعلیم دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اس ورکشاپ کو سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اساتذہ آگے بڑھ کر MOOC کے طرز پر کورسز ترتیب دیں گے۔حکومت ہند بھی آن لائن اور آئی سی ٹی کے ذریعہ بڑے پیمانے پر عوام میں تعلیم کو فروغ دینا چاہتی ہے۔