اردو میڈیم مدارس کیلئے خصوصی اقدامات

رکن اسمبلی ڈاکٹر وینو گوپال چاری کا عزم

بھینسہ ۔ 21 فبرروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل پریشد اسکول اردو میڈیم کوبیر کی نوتعمیر شدہ عمارت کا آج صبح رکن اسمبلی مدہول کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب میں کوبیر کے مقامی سرپنچ جی بابو، کوبیر منڈل کے ایم ای او چندراکانت، ہلسی سرپنچ ہنملو، مدرسہ ہذا کے ایس ایم سی چیرمین عبدالواحد، محمد کلیم اور مدرسہ کے صدر مدرس وقارالدین موجود تھے۔ رکن اسمبلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو میڈیم مدارس کی ترقی و ترجیح کیلئے میں ہمیشہ کوشش کروں گا۔ مدرسہ کے صدر مدرس نے رکن اسمبلی کو مدرسہ میں جن چیزوں کی ضرورت ہے جیسے نہم جماعت کا پرمیشن، اسکول میں نئے بورویل کی منظوری، لڑکیوں کیلئے علحدہ بیت الخلاء، کمپیوٹرس، TLM اور دیگر چیزوں کی جانب توجہ دینے کا خصوصی مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی نے صدر مدرس کی بات کو بغور سماعت کرتے ہوئے تمام اقدامات کو مکمل کرنے کا تیقن دیا۔ مدرسہ کے ایس ایم سی چیرمین عبدالواحد نے اپنی تقریر میں کہا کہ سرکاری مدارس کے طلباء نہایت ہی محنتی اور ذہین ہوتے ہیں ان کی بھرپور رہنمائی کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ مدرسہ میں مضمون ریاضی اور انگریزی پڑھانے کیلئے اساتذہ نہیں ہیں۔ رکن اسمبلی اس جانب خصوصی توجہ دیں تو اردو میڈیم طلباء کی تعلیم متاثر نہ ہوگی اور بچوں کی رغبت اسکول سے زیادہ ہوجائے گی۔ اس جلسہ میں ایم ای او نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جلسہ کے تمام انتظامات کی کارروائی اسکول اسسٹنٹ محمد اظہرالدین نے کی۔ اس افتتاحی تقریب میں مدرسہ ہذا کے مدرسین محمد یونس، راجیندر ریڈی، سید عبداللہ اور عبدالکریم موجود تھے۔ اس پروگرام کی کارروائی مدرس عبدالکریم نے انجام دی۔