اردو میڈیم مدارس اور اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

بیدر۔29؍اپریل۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ۔جناب محمد نجیب الرحمن خان صدر مقامی آئیٹا بیدر یونٹ کے پریس نوٹ کے بموجب آئیٹا کی جانب سے آج بتاریخ 28؍اپریل 2015ء بروز منگل بوقت 11.30بجے وزیر پرائمری تعلیم مسٹر کیمّانے رتناکر صاحب کو ڈسٹرکٹ کلکٹر بیدر مسٹر پی۔سی۔ جعفر صاحب کے توسط سے ریاستِ کرناٹک میں اُردو زبان، اُردو میڈیم تعلیم اور اساتذہ کے مختلف مسائل کے حل کے سلسلہ میں ایک میمورنڈم پیش کیا گیا اور ان مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی۔مزید اس میمورنڈم کی نقول کو جناب محمد محسن صاحبIAS،کمشنر، محکمۂ تعلیم عامہ، بنگلوراور عالیجناب قمرالاسلام صاحب، وزیر بلدیہ و مقامی انتظامیہ، اقلیتی بہبود، حکومت کرناٹک، بنگلورکو بذریعہ پوسٹ اور ڈی۔ڈی۔پی ۔آئی بیدر، ڈی۔ڈی۔پی۔یو بیدر کو بدست پیش کیا گیا۔ میمورنڈم کے ذریعہ مندرجہ ذیل مسائل کے حل کیلئے حکام و ذمہ دار عہدداران کی توجہ مبذول کرائی گئی:(1)اُردومیڈیم کے اکثر (پرائمری و ہائی) اسکولوںمیں اساتذہ کی کمی پائی جاتی ہے جسکے سبب اُردو اسکولوں کے نتائج اور تعلیمی معیار پر منفی اثرات واقع ہورہے ہیں۔(2)اُردو میڈیم ہائی اسکولوں میں کنڑا میڈیم فیزیکل ٹیچرس کے تقررات ہونے کے سبب طلباء جسمانی تعلیم مضمون کو پڑھنے، لکھنے اوراسمیں نمبرات حاصل کرنے سے قاصر ہیں اور انہیں مزید کئی دشواریوں کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔(3)زیادہ تر سرکاری پی۔یو۔کالجوں میں اُردو لکچررس نہ ہونے کی وجہ سے اُردو زبان کو ایک مضمون کے طور پر منتخب کرنے کی اجازت نہیںہے۔ جسکے سبب طلباء خود ذاتی طور پر فیس ادا کرکے اُردو مضمون کوگھر بیٹھے مطالعہ کرنے پر مجبور ہیں۔

(4)ڈی۔ایڈ ٹریننگ کورس کی درسی کتابیں صرف کنڑا اور انگریزی میڈیم میں دستیاب ہیں۔ اُردومیڈیم میں دستیاب نہیں ہیں۔ جسکے سبب زیر ِتربیت اساتذہ اورEducator معلمین خاصے پریشان ہیں۔(5)اساتذہ کی تربیت کے لئے صرف کنڑا اور انگریزی میں تربیتی دستی کتابیں(Training Hand Books)دستیاب ہیں۔ اُردو میں دستیاب نہیں ۔ جسکے سبب اساتذہ کی تربیت موثر انداز میں عمل میں نہیں آرہی ہے۔(6)اسکول و کالج کے نصاب میں نفرت پھیلانے والے، اتحاد و اتفاق کو ختم کرنے والے اور فرقہ واریت عام کرنے والے مضامین اب بھی موجود ہیں۔اس لئے سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے ایسے عوامل کو حذف کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ (7) 371(J) کے تحت حیدرآباد-کرناٹک علاقہ کے لوگوں کو دیگراضلاع میں روزگار کیلئے8%ریزرویشن کو بحال کیا جائے۔اس موقع پر ریاستی صدرآئیٹا کرناٹک محمدنظام الدین صاحب،ضلعی صدر افتخار صاحب،مقامی صدر محمد نجیب الرحمن خان، مولوی محمد فہیم الدین صاحب رُکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک، محمد معظم صاحب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بیدر،محمد عارف الدین صاحبLACممبر، محمد عبدالمجید صاحب LACممبر، محمد اسعد سلیم صاحبLACممبر، محمد صلاح الدین صاحب LACممبر، سیّد وسیع اللہ قادری LACممبر اوردیگرمقامی ممبران اوراساتذہ شامل رہے۔