اردو میڈیم طلبہ کی حوصلہ افزاء کامیابی

کورٹلہ /2 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ جونئیر کالج بوائز کورٹلہ کا 44 واں سالانہ جلسہ 31 ڈسمبر 2013 بروز منگل بمقام گورنمنٹ جونئیر کالج کورٹلہ بصدارت جناب محمدعبدالواجد پرنسپل گورنمنٹ جونئیر کالج بوائز منعقد ہوا ۔ جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا جناب الیاس احمد خان صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا شاخ کورٹلہ ، جناب محمد نعیم ا لدین امیر جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ ، جناب محمد رفیع الدین ،جناب ایم راجنا پرنسپل ( وظیفہ یاب ) گنگادھر پرنسپل کتھلاپور ، جناب محمد عبدالمقیت پرنسپل چندروتی ، جناب احمد عبدالقیوم ، محترمہ صغرا بی سابق کونسلر مجلس بلدیہ کورٹلہ ، مسٹر ششی دھر شرما جنرل سکریٹری لکچررس اسوسی ایشن ، جناب کاظم الدین لکچرر وظیفہ یاب نے مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جناب محمد عبدالواجد پرنسپل گورنمنٹ جونئیر کالج کورٹلہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کی بنیاد 1969 میں رکھی گئی ۔ انہوں نے کالج کے طلباء و طالبات سے محنت و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین اساتذہ اور شہر کا نام روشن کرنے کو کہا ۔

انہوں نے کہا کہ اس کالج کے سابقہ کئی طلباء و طالبات بڑے برے عہدوں ، ڈاکٹرس ، انجینئیر عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں ۔ اس کالج کی اردو میڈیم کی طالبہ یاسمین بنت ، محمد عبدالمجید مالک رائیس مل اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے بغیر کوچنگ کے ایم بی بی ایس میں مفت داخلہ حاصل کی اور اس کالج کے اردو میڈیم کی طالبات جویریہ تبسم HEC گروپ بنت سید ابراہیم نے ریاستی سطح پر 10 واں اور ضلعی سطح پر پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے کالج کا نام روشن کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طالبہ کو نارتھ امریکن تلگو اسوسی ایشن کی جانب سے 10 ہزار روپئے کا انعام رویندر بھارتی حیدرآباد میں منعقدہ پروگرام میں چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر کرن کمار ریڈی کے ہاتھوں پیش کیا گیا اور اس طالبہ کو ہر سال پوسٹ گریجویٹ کی تعلیم مکمل ہونے تک ہر ماہ دو ہزار روپئے حکومت آندھراپردیش کی جانب سے دئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کے طالبات کو مولانا آزاد ٹرسٹ کی جانب سے ہر سال 12 ہزار روپئے کی اسکالرشپ جاری کی جارہی ہے ۔

جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے اپنی تقریر میں طلباء و طالبات سے دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین اساتذہ اور اپنے وطن کا نام روشن کرنے کو کہا ۔ انہوں نے بہترین تعلیمی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کالج میں ٹاپر آنے والے طلباء کو پانچ ہزار روپئے نقد انعام دینے کا پیشکش کیا ۔ دوران جلسہ طلباء و طالبات نے مختلف طرح کی تعلیمی مظاہرے پیش کئے ۔ بعد ازاں طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر کالج کے لکچررس جناب محمد احتشام ا لدین ، جناب احمد محی الدین ، جناب رحمت علی ، جناب محمد کلیم الدین ، جناب محمد معز الدین اور دیگر افراد موجود تھے ۔ جناب غوث الرحمن لکچرر معاشیات نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔