نظام آباد میں جلسہ تقسیم انعامات، پرنسپل ڈاکٹر راجندر پرساد کا خطاب
نظام آباد:11؍ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرراج گورنمنٹ کالج میں اسٹوڈنٹس کامرس فورم (اُردومیڈیم) کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد ڈاکٹر وی راجندرپرساد پرنسپل کے زیر صدارت عمل میں آیا۔ اس جلسہ کے مہمان خصوصی محمد عبدالمجید ایڈیشنل کنٹرولر آف ایگزامس تھے ۔اس جلسہ کا آغاز بی اے سال آخر کی طالبہ عمارہ تمکین کی قرآتِ کلام پاک اور اسکی ترجمانی سے ہوا۔بی کا م سال دوم کے طالب علم محمد اظہر نے نعت شریف پیش کی۔اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راجندر پرساد نے کہا کہ شعبہ کامرس اردو میڈیم کی جانب سے تعلیمی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔ اور کہا کہ طلبا کالج کی لائبریری سے استفادہ کریں ۔ مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے کافی کتابیں لائبریری میں موجود ہیں۔طلباء کا پس منظر کامیابی میں رکاوٹ نہیں اگر طلباء محنت سے تیاری کریں تو سرکاری ملازمت کا حصول نہایت آسان ہے۔محمد مبین الدین نے کہا کہ اردو میڈیم کے طلباء کا معیار نہایت بلند ہے اور یہ طلباء مسابقتی امتحانات میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ سید حسیب الرحمن لیکچررکامرس نے کہا کہ کالج میں اسٹوڈنٹس کامرس فورم تقریباً10سال سے کارکرد ہے اور طلباء نہایت دلچسپی کے ساتھ اس کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں محترمہ ناظمہ جبین لیکچرر کامرس نے کہا کہ طلباء اگر ٹھان لیں تو مقصد بہ آسانی حاصل ہوجاتاہے لیکن اسکے لئے سخت محنت ضروری ہے سنیل کمار نے کہا کہ کالج میں اساتذہ اور کتب خانے سے استفادہ کامیابی سے ہمکنار کرتاہے۔ڈاکٹر اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء کسی کو اپنا رول ماڈل بنائیں اور کامیابی کیلئے کوشش جاری رکھیں تاکہ مثبت نتائج حاصل ہوں۔ محمدعابد علی اکیڈیمک کوآرڈینٹرنے کہا کہ مسابقتی امتحانات کی تیاری پوری شدو مد سے کریں کیونکہ روزگار حاصل کرنا ہر طالب علم کا نصب العین ہوتاہے مہمانِ خصوصی محمد عبدالمجید نے کہا کہ طلباء کی یہ سرگرمیاں حوصلہ افزا ہیں اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو مسابقتی امتحانات میں کامیابی سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ جلسہ میں کوئیز ، مباحثہ اور تحریری مقابلہ میں کامیاب طلباء و طالبات کو انعامات دیئے گئے ۔ اس جلسہ کو کامیاب بنانے میں احسان اللہ خان، محمد عبدالمصور، محمد مختار ، ادبیہ، شیبہ دلشاد ، فاطمہ ، زیبا ، صفورہ اور فرخندہ نے سرگرم رول ادا کیا۔آخر میں محمد مبین الدین لیکچرر تاریخ کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ طلباء طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔
٭٭٭