اردو میڈیم سرکاری مدارس کیلئے 600 انسٹرکٹس کے تقررات

نارائپن پیٹ یکم /ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اردو میڈیم سرکاری مدارس کیلئے 600 اکیڈمک انسٹرکٹر کی تقرری کے احکامات آر سی نمبر 70 مورخہ 28 اگست کو جاری کئے گئے ہیں اور یہ تقررات کو سال 2014-15 کے دوران صرف 7 ماہ کیلئے ستمبر 2014 تا مارچ 2015 کیلئے عمل میں لائے جائیں گے ۔ اکیڈمک انسٹرکٹر کے تقررات کے عمل کو 10 ستمبر تک مکمل کرلینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ ضلع محبوب نگر کیلئے 85 جائیدادیں ضلع رنگاریڈی کیلئے 132 ضلع حیدرآباد 68 میدک 119 نظام آباد 112 عادل آباد 83 کریم نگر کیلئے 38 اکڈیمک انسٹرکٹر کی جائیدادیں کی منظوری عمل میں آئی ہیں ۔ جناب روف حسام الدین ریاستی سکریٹری سوٹا نے کہا کہ اردو اکیڈمک انسٹرکٹر کی جائیدادوں کی منظوری کے عمل میں بہتر زیادہ تاخیر ہوتی ہے ۔ کئی اردو مدارس ایسے ہیں جہاں ایک بھی اردو اساتذہ کی تعیناتی نہیں ہے ۔ جس کے سبب تعلیمی سال کے آغاز کے تین ماہ کے دوران کئی اردو مدارس بند ہوچکے ہیں ۔ جن کی دوبارہ کشادگی جوئے شیر کے مماثل ہے کیونکہ ان اردو مدارس کے طلباء دیگر مدارس کا رخ کرچکے ہیں ۔ محکمہ تعلیم فی الفور حکومت کی جانب سے منظورہ اکیڈیمک انسٹرکٹر کی تعیناتی کیلئے اقدامات کرے ۔