اردو میڈیم اسکولس جائیدادوں کو روسٹر سے مستثنیٰ کرنے کا مطالبہ

اسلامک سنٹر سنگاریڈی میں اساتذہ کے مسائل پر اجلاس
سنگاریڈی۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے اردو میڈیم اسکولس میں مخلوعہ 773 اردو اساتذہ جائیدادوں پر تقررات سال 2008 اور 2012 ڈی ایس سی کے اردو میڈیم جائیدادوں کو روسٹر سسٹم سے مستثنیٰ قرار دینے اور ان پر تقررات، اردو میڈیم اسکولس کو ریشنلالائزیشن سے مستثنیٰ قرار دینے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی مسلم تحفظات میں خان اور سید کو بھی شامل کرنے ڈی ایس سی 2015 نوٹیفکیشن کی اجرائی اردو زبان کے فروغ اور دیگر اقلیتی مسائل پر غور و فکر کرنے اور آئندہ لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے میناریٹی رائٹس پروٹیکشن کمیٹی ضلع میدک نے اساتذہ کی تنظیم آئیٹا کے اشتراک و تعاون کے ساتھ اسلامک سنٹر سنگاریڈی میں آج 28مارچ کی صبح جناب محمد خواجہ معین الدین صدر میناریٹی رائٹس پروٹیکشن کمیٹی ضلع میدک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایم آر پی سی، آئیٹا کے ذمہ داران کے علاوہ ٹرینڈ اردو ایکس ٹیچرس، اولیائے طلباء اور محبان اردو کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اجلاس کے ایجنڈہ پر سیر حاصل گفتگو کے بعد مسائل کی یکسوئی کیلئے طویل مدتی جدوجہد پر مبنی تجاویز پیش کیں۔ جناب محمد عبدالسلام موظف ہیڈ ماسٹر و سابق صدر سوٹا ضلع میدک نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم اسکولس سے ناانصافی کا سلسلہ برسہا برس سے چلتا آرہا ہے جس کو ختم کرنے متحدہ و بے تکان جدوجہد کی ضرورت ہے۔ جائیدادوں کی حقیقی مخلوعہ تعداد کو نوٹیفائی نہیں کررہی ہے تو دوسری جانب منظور کردہ قلیل جائیدادوں میں سے نصف جائیدادیں روسٹر سسٹم کے تحت محفوظ کردی جارہی ہیں۔ 2006 تک اردو میڈیم جائیدادوں کو روسٹر سے مستثنی قرار دیا گیا لیکن اس کے بعد حکومت نے اردو میڈیم جائیدادوں کے ساتھ نرمی نہیں برتی چنانچہ ریاست بھر میں ایک ہزار سے زائد اردو جائیدادیں روسٹر سسٹم کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت ریشنلائزیشن کا بھی جی او جاری کرچکی ہے۔ جس کی وجہ سے اردو میڈیم اسکولس کا شدید نقصان ہوگا۔ اردو اسکولس کو بچانے کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔جناب خواجہ معین الدین صدر ایم ار پی سی ضلع میدک نے کہاکہ ضلع میدک میں اردو میڈیم اساتذہ جائیدادوں کی صحیح نشاندہی اور اس کے بعد ان جائیدادوں کونوٹیفائی کروانے ایم آر پی سی مقدور بھر کوشش کررہی ہے۔ جناب محمدایاز الدین جنرل سکریٹری آئیٹا نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولس ریشنلائزیشن سے مستثنیٰ قرار دینے ہنگامی طور پر کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔ جناب محمد مظہر اللہ ظہیرآباد نے مسئلہ کو عدالتی کشاکش سے محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ٹرینڈ ٹیچرس ، اساتذہ اور اولیائے طلباء کے علاوہ محمد عبدالقادر فیصل نے بھی مخاطب کرتے ہوئے تجاویز پیش کی ۔ جناب محمد ابوالقاسم جنرل سکریٹری ایم آر پی سی نے اختتامی کلمات پیش کئے۔ اجلاس میں طئے پایا کہ آئندہ لائحہ عمل کا ذمہ داران کی جانب سے متعاقب اعلان بذریعہ صحافت کیا جائے گا۔